کراچی؛ ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل چلانے والی خاتون جاں بحق

حادثے کے بعد 10 وہیلر ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس


ویب ڈیسک January 02, 2026

کراچی:

لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل چلانے والی خاتون جاں بحق ہوگئی۔

قائد آباد تھانے کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب کنٹینرسے لدے تیز رفتار ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل چلانے والی خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی، حادثے میں موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔

خوفناک حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے ٹرالر پر پتھراؤ کر دیا جس کے باعث ٹرالر کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی جبکہ ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی۔

پولیس نے جاں بحق ہونے والی خاتون کی موٹر سائیکل اور ٹرالر کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔

ایس ایچ او قائد آباد محمد علی شاہ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 26 سالہ بشریٰ کے نام سے کی گئی، متوفیہ خاتون خود موٹر سائیکل چلا رہی تھی اور کنٹینر سے لدے ٹرالر کی زد میں آکر جاں بحق ہوئی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے فرار ہونے والے ٹرالر کے ڈرائیور اور مالک کی تلاش شروع کر دی ہے۔

جناح اسپتال میں متوفیہ خاتون کے رشتہ دار نے بتایا کہ متوفیہ خاتون لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں لنڈا کی فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی اور خاتون کا آبائی تعلق صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ متوفیہ گزشتہ 10 سال سے زائد عرصے سے فیکٹری میں ملازمت کر رہی تھی اور متوفیہ بچپن سے ہی موٹر سائیکل چلا رہی تھی۔ متوفیہ خاتون کی تدفین اوکاڑہ میں کی جائے گی۔

لواحقین نے مطالبہ کیا ہے انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور پولیس اس وقت تک ٹرالر کو اپنے قبضے میں رکھے جب تک وہ تدفین کرکے واپس نہیں آجاتے، تدفین سے واپس آنے کے بعد قانونی کارروائی کریں گے۔

مقبول خبریں