ڈالر 72ویں دن بھی کمزور، روپیہ تگڑا

ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 280 روپے 11پیسے کی سطح پر بند ہوئی


احتشام مفتی January 02, 2026
فوٹو: فائل

انٹربینک میں کئی عوامل کی وجہ سے 72ویں دن بھی ڈالر کمزور اور روپے کی قدر تگڑی رہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں موجود 1ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو فوجی فاونڈیشن ایکویٹی میں تبدیل کیے جانے، پاکستانی دفاعی سازوسامان کی برآمدات کا حجم 10ارب ڈالر تک پہنچنے اور فیوچر میں عالمی سطح پر برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتیں بالترتیب 19فیصد اور 20فیصد کی کمی جیسی حوصلہ افزا اطلاعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو 72 ویں دن بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

معیشت میں اصلاحات، بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہونے اور ذرمبادلہ کے سرکاری ذخائر تسلسل بڑھکر 4 سال کی بلند سطح پر آنے سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیئے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔

ایک موقع پر ڈالر کی قدر 22 پیسے کی کمی سے 279 روپے 90 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری رونما ہوتے ہی ذرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 280 روپے 11پیسے کی سطح پر بند ہوئی ۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے 15پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔

حکومت کو سکوک کے اجراء سے 2 کھرب روپے کی آمدنی موصول ہونے، ریکوڈک منصوبے میں غیرملکیوں کی یومیہ بنیادوں پر بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی، خسارے میں چلنے والے دیگر ریاستی اداروں کی نجکاری پلان جیسی اطلاعات بھی زرمبادلہ کی مارکیٹوں پر اثرانداز رہیں۔

مقبول خبریں