کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے محض یوٹیوب سے ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھ کر حیران کن کامیابی حاصل کی اور 14 لاکھ ڈالر مالیت کی کمپنی قائم کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوان لی نے نہ تو کوئی باضابطہ تعلیم حاصل کی اور نہ ہی کاروبار کا سابقہ تجربہ تھا، تاہم آن لائن ویڈیوز کی مدد سے اس نے ویڈیو پروڈکشن کے ہنر میں مہارت حاصل کی۔
ابتدائی طور پر اس نوجوان نے مقامی تاجروں کو کم معاوضے پر خدمات فراہم کر کے اپنا کام متعارف کرایا اور ایک مضبوط پورٹ فولیو تیار کیا۔ پہلے سال اس کی آمدنی 8500 ڈالر رہی جو دوسرے سال بڑھ کر 17400 ڈالر تک پہنچ گئی لیکن کووڈ وبا کے باعث زیادہ تر کلائنٹس ختم ہو گئے۔
لاک ڈاؤن کے دوران تیسرے سال اس کی آمدن کم ہو کر 12350 ڈالر رہ گئی، تاہم اس نے حوصلہ نہیں چھوڑا اور اپنی تمام کمائی دوبارہ کاروبار میں لگا دی۔ اس دوران اس نے ہزاروں کولڈ ای میلز بھیجیں، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ سال کے اختتام تک اس کی آمدنی بڑھ کر 1 لاکھ 10 ہزار ڈالر ہو گئی۔
چوتھے سال اس نے پہلا ملازم رکھا اور کاروبار کی مجموعی آمدن 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ پانچویں سال 15 افراد پر مشتمل ٹیم کے ساتھ بڑے برانڈز کے لیے کام کرتے ہوئے کمپنی کی کمائی 14 لاکھ ڈالر تک جا پہنچی۔