اے وی ایل سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے100 سے زائد ڈکیتی اورموٹرسائیکل چوری جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث 2ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فون اورموٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔
تفصیلات کےمطابق اینٹی لفٹنگ سیل پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے100 سے زائد ڈکیتی اورموٹرسائیکل چوری جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان صدام حسین ولد کریم بخش اور تابش ولد غلام کوگرفتارکرکے ان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فون اورموٹر سائیکلیں برآمد کرلی۔
گرفتارملزمان منگھوپیر کے رہائشی ہیں اور شہر بھر سے موٹر سائیکل چوری اورموبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتیں کر چکے ہیں، اے وی ایل سی پولیس کے مطابق گرفتارملزمان چوری شدہ موٹرسائیکلوں اورچھینےگئے موبائل فون کو بلوچستان کے علاقے حب لے جا کر فروخت کرتے تھے۔
گرفتارملزمان کے قبضے سے ملنے والی دو موٹر سائیکلوں میں سے ایک تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود سے جبکہ دوسری تھانہ فیروز اباد کے علاقے سے چوری شدہ ہے۔ برآمد شدہ موبائل فون میں سے ایک آئی فون جبکہ دوسرا انفینکس ہے اوردونوں منگھوپیرکے علاقے سے ملزمان نے ایک واردات کے دوران چھینے تھے۔
اے وی ایل سی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان گزشتہ چار برسوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کررہے تھے۔ دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ اب تک وہ 80 سے 90 بیش قیمت موبائل فون چھیننے اور دو درجن سے زائد موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کر چکے ہیں۔
ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہیں جبکہ ملزمان سے منسلک اس گھناؤنے جرم میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔