محمود خان اچکزئی کے بیان پر بلوچستان عوامی پارٹی کا سخت ردعمل

محمود خان اچکزئی کی سیاست ہمیشہ لسانی نفرت، قومی انتشار اور منفی بیانیے کے گرد گھومتی رہی ہے، میر ضیاء اللہ لانگو


ویب ڈیسک January 12, 2026

کوئٹہ:

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے مرکزی ترجمان میر ضیاء اللہ لانگو نے محمود خان اچکزئی کے اس بیان پر سخت ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے چار ماہ کے اندر بعض علاقوں کی پاکستان سے علیحدگی کا دعویٰ کیا تھا۔

کوئٹہ سے جاری بیان میں بی اے پی ترجمان نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی سیاست ہمیشہ لسانی نفرت، قومی انتشار اور منفی بیانیے کے گرد گھومتی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچکزئی نے ہمیشہ بلوچ اور پشتون قوموں کے درمیان نفرت کو ہوا دی اور ماضی میں بلوچستان کے عوام کے دلوں میں پنجابیوں کے خلاف زہر بھرنے کی کوشش کی جاتی رہی۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے کبھی قومی یکجہتی، بھائی چارے اور ملک کے استحکام کی بات نہیں کی بلکہ ان کی سیاست توڑ پھوڑ، علیحدگی اور نفرت پر مبنی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سوچ صرف خوابوں میں اچھی لگتی ہے، عملی سیاست میں اس کی کوئی جگہ نہیں۔

بی اے پی ترجمان کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے محمود خان اچکزئی کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے اور اب وہ اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو سہارا دینے کے لیے پی ٹی آئی کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’دہ چترال دہ بولان‘‘ جیسے نعرے عوام پہلے ہی دیکھ اور سمجھ چکے ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ خواب دیکھنا کوئی جرم نہیں، مگر دن دہاڑے ایسے خواب دیکھنا سیاسی ناپختگی کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات سے محمود خان اچکزئی کا پاکستانی ہونا بھی مشکوک ہو گیا ہے۔

مقبول خبریں