ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے فیلڈ مارشل سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد کی ملاقات

فیلڈمارشل نے قومی ترقی میں ذمہ دار نجی شعبے کی شمولیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کےعزم کا اعادہ کیا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک January 14, 2026
فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی:

ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے معروف عالمی فن ٹیک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف کی سربراہی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس کا مقصد مالی شمولیت کے فروغ اور سرحد پار ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے امریکی کمپنی کے وفد کی ملاقات میں پاکستان کے بدلتے ہوئے معاشی منظرنامے میں بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری گروپس کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ ملاقات پاکستان کے فن ٹیک شعبے میں عالمی اعتماد میں اضافے کی بھی عکاس ہے اور اس ملاقات کا مقصد مالی شمولیت کے فروغ اور سرحد پار ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ زچری وٹکوف نے پاکستان میں موجود وسیع معاشی امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لیے پاکستان کی قیادت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے سے پاکستان اپنی معاشی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لا سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پرفیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے خیالات کے تبادلے کو خوش آئند قرار دیا اور پاکستان کے معاشی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور قومی ترقی میں ذمہ دار نجی شعبے کی شمولیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مقبول خبریں