اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث 5 رکنی منظم گینگ گرفتار، 2 خواتین بھی شامل

گرفتار ہونے والی ملزمہ پہلے سے کئی مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری تھی، این سی سی آئی اے


عمران اصغر January 17, 2026

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (این سی سی آئی اے) سائبر کرائم سرکل نے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث منظم گروہ کے 5 ارکان کو گرفتار کرلیا، جن میں مطلوب خاتون سمیت 2 خواتین بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم فراڈ کرنے والے منظم گروہ کے ارکان کو گرفتار کرلیا۔

اعلامیے کے مطابق گینگ کی مرکزی ملزم عاصمہ منہاج کو چنیوٹ سے گرفتار کیا گیا جس کی نشاندہی پر اسلام آباد کے علاقے مہرآبادی سے دیگر ارکان پکڑے گئے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق آپریشن کے دوران کئی اے ٹی ایم اور ڈیبٹ کارڈز،دیگر مواد برآمد ہوئے، گروہ اے ٹی ایم بوتھس پر اے ٹی ایم کارڈ کی تبدیلی میں ملوث تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان متاثرین کے بینک کھاتوں سے بھی نقد رقم نکالتے تھے جبکہ گرفتار ملزمہ پہلے سے اشتہاری اور کئی مقدمات میں مطلوب تھی۔

این سی سی آئی اے کے مطابق نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن جاری اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

مقبول خبریں