بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں سنیل گروورکی جانب سے عامر خان کی نقالی کرنے پر بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کا ردعمل سامنے آگیا جب کہ دونوں کی ایک مشترکہ ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے۔
نیٹ فلیکس پر ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے چوتھے ایڈیشن کی حالیہ ایپی سوڈ میں اداکار کارتک آریان اور اداکارہ اننیا پانڈے اپنی فلم ’تو میری، میں تیرا، میں تیرا، تو میری‘ کی تشہیر کے لیے پہنچے تھے۔
تاہم، ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے اور ان کی فلم کے بجائے کامیڈین سنیل گروور نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
دراصل، حالیہ ایپی سوڈ میں سنیل گروور نے بالی ووڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان کی ایسی زبردست نقالی کی کہ سوشل میڈیا پر ان کے چرچے ہیں۔
اس سے قبل، سنیل گروور معروف بھارتی شاعر ولکھاری گلزار، سلمان خان، شاہ رخ خان، اجے دیوگن، اکشے کمار، کپل دیو سمیت کئی نامور شخصیات کی نقالی کرچکے ہیں۔
پیر کے روز ایک گالف فاؤنڈیشن ایونٹ کے دوران دی فری پریس جرنل سے گفتگوکے دوران عامر خان نے سب پوچھا گیا کہ سنیل گروور کی جانب سے ان کی نقالی کرنے پر کیسا محسوس ہوتا ہے۔
جس پر 60 سالہ اداکار ہنس پڑے اور نہایت محبت بھرے انداز میں سنیل گروور کی تعریف کی۔
عامر خان نے کہا کہ آپ جانتے ہیں، آج کل مجھ سے یہ سوال بہت پوچھا جا رہا ہے، لیکن مجھے یہ کہنا ہوگا کہ سنیل بے حد باصلاحیت ہیں اور وہ صرف نقال نہیں بلکہ ایک شاندار اداکار بھی ہیں۔
دنگل اسٹار نے مزید کہا کہ وہ صرف آپ کے انداز یا آواز کی نقل نہیں کرتے، بلکہ اس سے بھی آگے بڑھ جاتے ہیں، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کس طرح سوچتے ہیں اور کسی صورتحال پر الفاظ یا عمل کے ذریعے کیسے ردِعمل دیتے ہیں، اسی لیے وہ کردار میں گہرائی تک اتر جاتے ہیں۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ سلمان خان کی بھی زبردست نقل کرتے ہیں اور وہ کئی اداکاروں کی نقالی کمال کی کرتے ہیں، وہ واقعی ایک بہت بڑا ٹیلنٹ ہیں۔
یہ تعریف ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں فنکار حال ہی میں فلم ہیپی پٹیل کی تشہیری ویڈیو میں ایک ساتھ نظر آئے۔
اس ویڈیو میں سنیل گروور، عامر خان کا روپ دھار کر ویر داس کو یقین دلا دیتے ہیں کہ وہی اصل سپر اسٹار ہیں۔
مزاح اس وقت عروج پر پہنچ جاتا ہے جب اصل عامر خان اندر داخل ہوتے ہیں اور انہیں سنیل گروور سمجھ لیا جاتا ہے، یہاں تک کہ سیکیورٹی عامر خان کو ہی ان کے اپنے دفتر سے باہر نکال دیتی ہے۔