لاہور سمیت پنجاب بھر کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج رات اور 23 جنوری کے دوران تیز بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 اور زیادہ سے زیادہ 12ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری میں شام سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک تقریباً 12 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، مری اور گردونواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
مری ایکسپریس وے (این-75) پر شدید برف باری کے بعد پھلگراں ٹال پلازہ سے مری کی طرف ہر قسم کی ٹریفک بند کر دی گئی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مری ایکسپریس وے پر برف باری کے باعث ضلعی انتظامیہ نے مری جانے والی ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا۔ مزید اور تازہ ترین ٹریفک اپڈیٹس کے لیے @NHMP کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس فالو کریں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب اور محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کی سے موسم کی صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے، ایمرجنسی کی صورت میں 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مری میں مؤثر و مربوط انتظامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سیاحوں میں خوش میوہ جات اور کھانے پینے کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ ہائی وے کا عملہ شاہراہوں سے برف ہٹانے کے سلسلہ کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ مری میں تمام تر انتظامات کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ ٹورسٹ کیمپس مکمل فعال، تمام محکموں کے ملازمین ڈیوٹی پر موجود ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش 38 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ چکلالہ میں 38، کچہری 15، شمسباد 16 اور پیر ودہائی میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
چکوال میں 37، سیالکوٹ 34، نارووال 33، منگلا 29، اٹک 28 اور سرگودھا میں 27 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ جہلم میں 23، جوہرآباد 22، لاہور 21، گجرات 20، ملتان 19، نورپور تھل 16 اور لیہ میں 15 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔
حافظ آباد میں 13، شیخوپورہ 11، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ 10، کوٹ ادو 09، ڈی جی خان 7، خانیوال 6، ساہیوال اور فیصل آباد میں 4 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے موسمی صورتحال کی نگرانی جاری، شہری بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔