راولپنڈی اور لاہور سے ویزا فراڈ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار

ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر کروڑوں روپےغبن کیے


ویب ڈیسک January 23, 2026

راولپنڈی:

ایف آئی اے نے ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے اسلام آباد اور لاہور زون سے مجموعی طور پر 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے راولپنڈی میں کارروائی کے دوران ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان محمد فاروق اور آصف محمود کو گرفتار کیا۔

ملزمان نے ایک شہری کو آذربائیجان میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 20 ہزار روپے ہتھیائے۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب ایف آئی اے لاہور زون نے بھی ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں میر اویس خان، مریم پرویز، محمد جمیل اور محمد افضل شامل ہیں۔

ملزمان میر اویس خان اور مریم پرویز نے شہریوں کو برطانیہ ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 2 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کی۔ دونوں ملزمان کو لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دیگر دو ملزمان محمد جمیل اور محمد افضل نے شہریوں کو سعودی عرب بھجوانے کے نام پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے تاہم وہ شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے۔ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں