شدید بیمار اور لاعلاج شیروں کو پرسکون موت دینے کی منظوری دے دی گئی

معاملے کی حساسیت کے پیش نظر عملی اقدام سے قبل کیپٹو وائلڈلائف مینجمنٹ کمیٹی سے باضابطہ منظوری حاصل کی گئی


آصف محمود January 24, 2026

کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی (سی ڈبلیو ایم سی) نے پنجاب کے سرکاری چڑیا گھروں میں موجود شدید بیمار اور لاعلاج شیروں کو پرسکون موت دینے کے فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ منظوری لاہور چڑیا گھر میں منعقد ہونے والے کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیف وائلڈلائف رینجر پنجاب مبین الٰہی نے کی جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران سرکاری چڑیا گھروں میں موجود ان شیروں کی تفصیلات پیش کی گئیں جو طویل عرصے سے بیماری میں مبتلا ہیں اور جن کا علاج ممکن نہیں رہا۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے مبین الٰہی نے بتایا کہ قانون کے تحت نہ صرف بگ کیٹس بلکہ ایسے تمام جنگلی جانور، جو انسانوں یا دیگر جانوروں کے لیے ممکنہ خطرہ ہوں یا شدید تکلیف میں مبتلا ہوں، کو طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق پرسکون موت دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کے لیے واضح قانونی طریقہ کار موجود ہے۔ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر عملی اقدام سے قبل کیپٹو وائلڈلائف مینجمنٹ کمیٹی سے باضابطہ منظوری حاصل کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جانوروں کی فلاح و بہبود اور انسانی ذمہ داری کے اصولوں کے تحت کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں 10 شدید بیمار شیروں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سے سات بہاولپور چڑیا گھر، تین لاہور سفاری زو اور ایک لاہور چڑیا گھر میں موجود ہے۔ حکام کے مطابق پرسکون موت کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔

وائلڈلائف حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد جانوروں کو طویل تکلیف سے نجات دلانا اور چڑیا گھروں میں جگہ پیدا کرنا ہے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے کے ذریعے یہ واضح پیغام بھی دیا گیا ہے کہ شیر جنگلی جانور ہیں اور انہیں پالتو جانور کے طور پر نہیں رکھا جا سکتا۔

مقبول خبریں