چین میں اسٹریٹ لائٹ کے کھمبے سے بانس کا پودا نکل آنے کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبہ ژی جیانگ کے ضلع شن چانگ میں ورلڈ ٹریڈ پلازہ کے قریب پیش آیا جہاں باریک بانس کا تنا کسی طرح لیمپ پوسٹ کے نچلے حصے میں موجود ایک چھوٹے سوراخ سے اندر داخل ہوا اور اوپر تک بڑھ گیا، جس کے باعث اسٹریٹ لائٹ چھپ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بانس اپنی مضبوط اور وسیع جڑوں کے نظام کی بدولت اندھیرے میں بھی نشوونما پا سکتا ہے اور زیرِ زمین تنوں کے ذریعے پانی اور غذائی اجزا حاصل کر لیتا ہے۔
اس غیر معمولی منظر کی ویڈیو جیا نامی شخص نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو اپنے بچوں کے ساتھ وہاں سے گزر رہا تھا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ واقعہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔