کراچی:
گارڈن میں رینجرز اور پولیس سے مبینہ مقابلے کے دوران 2 بھتہ خور ہلاک ہوگئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے گارڈن میں بھتہ خوروں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ کے باعث رینجرز اور پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بھتہ خور مارے گئے۔ ایدھی حکام کے مطابق ہلاک دونوں ملزمان کی لاشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی ہیں تاہم ہلاک ملزمان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان کا تعلق جمیل چھانگا گروہ سے تھا۔