پاور ڈویژن کا نیٹ میٹرنگ صارفین کے بارے میں اہم بیان سامنے آگیا جب کہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے 'ایکسپریس نیوز" کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے پی پی ایم سی کی ہدایات کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ کرنے کا نوٹس لے لیا۔
جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے پی پی ایم سی کی ہدایات کے تحت نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کریڈٹ نہ کرنے کا نوٹس لے لیا۔
وفاقی وزیر کی احکامات پر پی پی ایم سی نے جاری شدہ ہدایات پر فوری نظر ثانی کی، نظر ثانی شدہ ہدایات کے بعد یونٹس کریٹ کرنے کا مسئلہ حل ہوگیا۔
کچھ نیٹ میٹرنگ صارفین نے اپنے لائسنس (DG Capacity) کے تحت منظور شدہ صلاحیت سے زیادہ نیٹ میٹرنگ سسٹم نصب کیے ہیں، گزشتہ ماہ ان میں سے چند صارفین کو گرڈ کو فروخت کی گئی پوری بجلی کا کوئی کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
تاہم، پاور ڈویژن نے وضاحت جاری کردی ہے کہ یہ طریقہ درست نہیں تھا، نظرثانی شدہ ہدایات کے تحت، صرف وہی یونٹس کریڈٹ نہیں ہونگے جو منظور شدہ صلاحیت سے زائد ہو۔
اب منظور شدہ صلاحیت کے مطابق جو یونٹس نیشنل گرڈ کو بھیجے گئے ہیں انکا کریڈٹ ملے گا، اس بارے تمام ڈسکوز کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔
جن صارفین کے بلوں میں نیٹ میٹرنگ کے یونٹس کریٹ نہیں ہوئے ان کے لیے متعلقہ ایڈجسٹمنٹ اگلے بلنگ سائیکل میں کر دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے بجلی صارفین کو ان کے جائز حق دلانے پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا اعادہ کیا۔