مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں ہلاکت پر بالی ووڈ فنکاروں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک چارٹرڈ طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ کی موت پر متعدد فلمی شخصیات نے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔
ئی فلمی ستاروں نے این سی پی کے سربراہ اجیت پوار کی اچانک موت پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں افسوس کا اظہار کیا۔
اجے دیوگن نے ایکس پر لکھا ہے کہ ’نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ اور دکھ ہوا، ان کے اہلِ خانہ، عزیزوں اور اس عظیم نقصان سے متاثرہ تمام افراد سے دلی تعزیت۔
سنجے دت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ’اس نقصان پر شدید صدمہ اور افسوس ہوا، اہلِ خانہ اور تمام متاثرین سے دلی تعزیت۔ طاقت اور سکون کے لیے دعائیں۔
کنگنا رناوت نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت خوفناک ہے،مجھے بے حد افسوس ہے، اس دکھ کے لیے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں۔
شلپا شیٹھی نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہے کہ پورے خاندان سے دلی تعزیت، اجیت دادا،ایک دلیر اور متحرک رہنما تھے۔
سینئر اداکار انوپم کھیر نے لکھا ’مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار دادا کے المناک انتقال پر گہرا صدمہ اور دکھ ہوا، جب بھی ان سے ملاقات ہوئی انہیں نہایت نرم دل اور مہربان انسان پایا۔
اداکار اور سیاست دان اسمرتی ایرانی نے لکھا کہ طیارہ حادثے میں اجیت پوار کے ناگہانی انتقال پر شدید صدمہ اور افسوس ہوا، عوام کی خدمت اور سیاسی قیادت میں ان کی برسوں کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔
شطرگھن سنہا نے کہا کہ اجیت پوار کے طیارہ حادثے میں انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ اور غم ہوا، وہ مہاراشٹر کے ایک عظیم رہنما تھے ۔
رتیش دیش مکھ نے لکھا ہے کہ اجیت دادا کے المناک حادثے میں انتقال کی خبر سن کر دل ٹوٹ گیا، وہ مہاراشٹر کے نہایت متحرک رہنماؤں میں سے ایک تھے۔ ان کی بے باکی، ذہانت اور قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تلگو اسٹار اور آندھرا پردیش کے نائب وزیراعلیٰ پون کلیان نے ٹوئٹ کیا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ اور اجیت دادا پوار کے طیارہ حادثے میں انتقال کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا، عوامی خدمت اور مہاراشٹر کی ترقی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے اس دکھ کی گھڑی میں اہلِ خانہ اور پارٹی کارکنان سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں پائلٹ، ایک کریو ممبر اور اجیت پوار کی سیکیورٹی ٹیم کے دو اہلکار شامل تھے، تمام افراد حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
طیارہ صبح 8:10 بجے ممبئی سے روانہ ہوا تھا اور تقریباً 30 منٹ بعد بارامتی ایئرپورٹ کے قریب دوسری بار لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔