امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک ننھا بچہ چلتی ہوئی ایس یو وی گاڑی سے سڑک پر گر کر لڑھکتا دکھائی دیتا ہے۔
مصروف شاہراہ پر پیش آنے والا یہ واقعہ دیکھنے والوں کو سکتے میں ڈال گیا، جب بچہ گاڑی سے باہر گر پڑا اور چند لمحوں تک سڑک پر پڑا رہا۔
وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی بچہ گاڑی سے گرتا ہے، ایس یو وی اچانک رک جاتی ہے، جس سے پیچھے آنے والی گاڑی قریباً حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ جاتی ہے۔ اس کے بعد ایک خاتون گاڑی سے اترتی ہے، بچے کو اٹھاتی ہے اور دوبارہ گاڑی میں بٹھا کر وہاں سے روانہ ہو جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بعد میں ایک عینی شاہد نے واقعے کی اطلاع دی، جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں۔ تفتیش کے نتیجے میں بچے کی والدہ کو سنگین نوعیت کے بچوں سے متعلق بدسلوکی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرنے والے بچے کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا طبی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔