کراچی، دو مختلف حادثات میں 2 راہگیر جاں بحق، ایک شدید زخمی

گاڑی میں سوار مرد اور خاتون کار سے اتر کر موقع سے فرار ہو گئے


اسٹاف رپورٹر January 29, 2026

کراچی:

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو افسوسناک ٹریفک حادثات میں دو راہگیر جاں بحق جبکہ ایک موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔

پہلا واقعہ سبزی منڈی، ناردرن بائی پاس پل کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے دو راہگیر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی چھیپا کے رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور جاں بحق افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک کی شناخت ریحان کے نام سے ہو گئی ہے، جبکہ دوسرے راہگیر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ نامعلوم گاڑی حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گئی۔

دوسرا حادثہ راشد منہاس روڈ، جوہر موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی۔

ٹکر کے نتیجے میں موٹرسائیکل رگڑتے ہوئے کار کے نیچے آ گئی اور موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔

چھیپا حکام نے زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی ذمہ دار گاڑی میں سوار مرد اور خاتون کار سے اتر کر فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث گاڑی کسی کے نام پر رجسٹرڈ نہیں ہے، جس کے باعث ملزمان کی شناخت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

پولیس نے دونوں واقعات کا مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں