کراچی؛ مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5زخمیوں سمیت 8 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد

پولیس نے ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ جمع کرنا شروع کردیا ہے


اسٹاف رپورٹر January 31, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

مختلف علاقوں میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران پولیس نے زخمی سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق ضلع غربی کے علاقے اور اورنگی ٹاؤن فتح کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ضلع غربی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت وارث ولد اقبال کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول، کارتوس اور موبائل فون برآمد کرلیا۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے کریم آباد میں واقعے اپووا کالج گراؤنڈ  میں ہونے والے مبینہ  پولیس مقابلے میں زخمی سمیت تین ڈاکو گرفتار کرلیے گئے۔ ترجمان ضلع پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت احسن اکبر ولد محمد انور کے نام سے ہوئی، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان محمد تنزیل ولد امیر الرحمن اور محمد احمد ولد عبد الکلام شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے دو پستول اور کارتوس برآمد کیے۔

ضلع غربی میں طوری بنگش کالونی میں بھی  پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت  دو ڈاکو گرفتار کرلیے گئے۔ ترجمان ضلع غربی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت امتیاز عرف سجاد جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت فرقان عرف شاہ نواز کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، کارتوس اور موٹر سائیکل تحویل میں لے لی۔

ادھر گارڈن چڑیا گھر کے قریب ٹینکر چوک  پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت شاہزیب ولد سلمان کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول، کارتوس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

علاوہ ازیں عزیز آباد میمن فاؤنڈیشن کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں بھی ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ جمع کرنا شروع کردیا ہے۔

مقبول خبریں