خامنہ ای کی دھمکی کے بعد ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ معاہدے کیلئے امید ظاہر کردی

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچ جائیں


ویب ڈیسک February 02, 2026

واشنگٹن: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کے خدشے کے اظہار کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے حوالے سے اب بھی پُرامید ہیں۔

خامنہ ای نے اپنے بیان میں خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے اثرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی دھمکیاں ایرانی قوم کو خوفزدہ نہیں کر سکتیں۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتا، لیکن اگر ایرانی قوم کو نشانہ بنایا گیا یا ہراساں کیا گیا تو سخت جواب دیا جائے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاہدہ طے پانے کی امید رکھتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ خامنہ ای کی جانب سے علاقائی جنگ کی بات کرنا غیر متوقع نہیں، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو یہ دیکھا جائے گا کہ ان کے خدشات درست ثابت ہوتے ہیں یا نہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کسی معاہدے تک پہنچ جائیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی میں اضافہ کر دیا ہے۔ امریکی بحریہ کے مطابق اس وقت خطے میں چھ ڈسٹرائر جنگی جہاز، ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور تین لیٹورل کامبیٹ شپ تعینات ہیں۔

مقبول خبریں