آسٹریلین اوپن: فائنل میں جوکووچ کو شکست، الکاراز نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

اگرچہ الکاراز کے اہداف کی فہرست اب بھی طویل ہے، تاہم وہ خود پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے


اسپورٹس ڈیسک February 02, 2026

عالمی نمبر ایک اسپین کے کارلوس الکاراز نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو شکست دے دی۔

راڈ لیور ایرینا میں الکاراز نے نوواک جوکووچ کو چار سیٹس پر مشتمل سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر نہ صرف آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ سب سے کم عمر میں کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کرنے والے مرد کھلاڑی بھی بن گئے۔

اب ان کی نظریں باقی گرینڈ سلیم مقابلوں میں فائنل تک پہنچنے پر مرکوز ہیں۔

کارلوس الکاراز کا کہنا ہے کہ 22 برس کی عمر میں چاروں گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیت لینے کے باوجود ان کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

اگرچہ ان کے اہداف کی فہرست اب بھی طویل ہے، تاہم وہ خود پر یہ دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے کہ اسی سال تمام بڑے ٹورنامنٹس جیتنے کی کوشش کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال فرنچ اوپن کے سنسنی خیز فائنل میں الکاراز نے جینک سنر کو شکست دے کر اپنا ٹائٹل برقرار رکھا تھا، تاہم بعد میں ومبلڈن میں انہیں اطالوی حریف کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس کے بعد یو ایس اوپن میں الکاراز نے سنر کو ہرا کر اپنا چھٹا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا تھا۔

الکاراز کا کہنا ہے کہ ایک ہی سال میں چاروں گرینڈ سلیم جیتنا بڑا چیلنج ہے۔

ان کے مطابق وہ ایک وقت میں ایک ٹورنامنٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں، اور اس وقت ان کی توجہ فرنچ اوپن پر ہے، جہاں کی یادیں ان کے لیے خاص ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے مکمل تیاری، محنت اور بحالی پر توجہ دیں گے تاکہ اگلے گرینڈ سلیم میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔

مقبول خبریں