جنگ بندی کے باوجود لبنان پر اسرائیلی حملے جاری، شہری علاقے نشانہ بنائے

اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران بعض گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور یہ کارروائیاں بغیر کسی پیشگی وارننگ کے کی گئیں


ویب ڈیسک February 03, 2026

لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کے روز جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن میں دو دیہات کے رہائشی علاقے نشانہ بنائے گئے۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملے جنوبی قصبوں کفر تبنیت اور عین قانا میں کیے گئے، جہاں عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ عین قانا میں حملے کے بعد اٹھنے والے دھویں کے مناظر بھی سامنے آئے ہیں۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے ان دونوں قصبوں کے لیے انخلا کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں کا مقصد اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا، تاہم لبنان حکام کے مطابق بمباری رہائشی علاقوں میں کی گئی۔

لبنان کی وزارت صحت کے مطابق جنوبی علاقے انصاریہ میں ایک اسرائیلی حملے میں ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوئے، جبکہ ایک اور حملے میں قلیلہ کے مقام پر مزید چار افراد زخمی ہوئے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران بعض گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا اور یہ کارروائیاں بغیر کسی پیشگی وارننگ کے کی گئیں۔

واضح رہے کہ نومبر 2024 میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل مسلسل لبنان میں حملے کر رہا ہے اور اب تک جنگ بندی کے بعد 360 سے زائد افراد اسرائیلی کارروائیوں میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔

لبنان نے ان حملوں کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متعدد بار احتجاج بھی کیا ہے۔

مقبول خبریں