چوتھی نیشنل فٹنس چیلنج چیمپئن شپ 16 گولڈ میڈلز کیساتھ پاکستان آرمی کے نام

پولیس کی ٹیم 2 گولڈ، 3 سلور اور 3 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی


ذوالفقار بیگ February 03, 2026

پاکستان آرمی نے چوتھی نیشنل فٹنس چیلنج چیمپئن شپ کا ٹائٹل 16گولڈ میڈلز کے ساتھ اپنے نام کر لیا۔

پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن (پی بی بی ایف)کے زیرِ اہتمام قیوم اسٹیڈیم میں منعقدہ دو روزہ ایونٹ میں پاکستان آرمی، پولیس، واپڈا، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کی ٹیموں نے شرکت کی۔

ایونٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پاکستان باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس فیڈریشن طارق پرویز تھے جنہوں نے کھلاڑیو کو میڈلز پہنائے۔

چیمپئن شپ میں مینز اور ویمنز کیٹیگری میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 گولڈ اور 10 سلور میڈلز حاصل کیے۔

ماسٹرز کیٹیگری میں اولمپیئن صدف صدیقی نے تین گولڈ اور ایک سلور جبکہ حوالدار مقبول احمد نے دو گولڈ میڈلز جیتے۔

سینئر کیٹیگری میں رونق علی نے دو گولڈ میڈلز حاصل کیے جبکہ ماسٹرز کیٹیگری میں انعام اللہ نے دو گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔

خدیجہ وحید اور ابرار محی الدین نے جونیئر اور ٹیم فٹ کیٹیگریز میں مجموعی طور پر چھ گولڈ میڈلز جیتے۔

پولیس کی ٹیم دو گولڈ، تین سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ پنجاب نے ایک گولڈ اور ایک برانز میڈل کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر پی بی بی ایف طارق پرویز نے بتایا کہ 73ویں نیشنل مسٹر پاکستان، جونیئر مسٹر پاکستان، کلاسک باڈی بلڈنگ کیساتھ ساتھ نیشنل جونیئر اور سینئر باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ بدھ کو پشاور میں منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس قومی میگا ایونٹ میں پاکستان آرمی، پولیس، واپڈا، ایچ ای سی، ریلوے، پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کی ٹیمیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔

مقبول خبریں