دبئی میں ٹریفک جام کا خاتمہ؟ صرف 3 منٹ میں دبئی مال پہنچنے کا منصوبہ

منصوبے کی تعمیر کے لیے دبئی نے امریکی ارب پتی ایلون مسک کی زیرِ ملکیت کمپنی ’دی بورنگ کمپنی‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے


ویب ڈیسک February 05, 2026

دبئی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک منفرد اور جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ متعارف کرا دیا گیا ہے۔

دبئی حکام نے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے زیرِ زمین لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت دبئی میں سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور شہری چند منٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ حکام کے مطابق شیخ زاید روڈ پر واقع دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (DIFC) سے دبئی مال کا سفر صرف 3 منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا۔

دبئی حکام کا کہنا ہے کہ لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم شہر میں ٹریفک دباؤ کم کرنے اور روزمرہ آمدورفت کو مزید ہموار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس منصوبے کا ابتدائی پائلٹ روٹ ساڑھے 6 کلومیٹر طویل ہوگا۔

54 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چار اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جن کے ڈیزائن بھی پیش کر دیے گئے ہیں۔ یہ اسٹیشنز برج خلیفہ، ڈی آئی ایف سی 2، زعبیل دبئی مال پارکنگ اور آئی سی ڈی بروک فیلڈ پلیس میں قائم کیے جائیں گے۔

اس منصوبے کی تعمیر کے لیے دبئی حکام نے امریکی ارب پتی ایلون مسک کی زیرِ ملکیت کمپنی ’دی بورنگ کمپنی‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو پورا لوپ سسٹم 19 اسٹیشنز پر مشتمل ہوگا اور اس کی مجموعی لمبائی 22.2 کلومیٹر ہوگی۔

دبئی حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر ایک سال کے اندر مکمل کر لی جائے گی، جبکہ مکمل پراجیکٹ کے تین سال میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

مقبول خبریں