2014 ملک کی میزائل ٹیکنالوجی میں جدت وبہتری کا سال رہا

جوہری اور روایتی ہتھیارلے جانیوالے 4میزائلوں کے کامیاب تجربات کیے گئے


این این آئی December 23, 2014
میزائل سسٹم میں جدت سے پاکستان کا شمار جدید ترین میزائل ٹیکنالوجی کے حامل ممالک میں ہونے لگا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

2014 پاکستان کی میزا ئل ٹیکنالوجی میںبہتری، جدت اورترقی کا سال رہا، اس سال پاکستان نے نیوکلیئراور کنوینشنل وارہیڈ لے جانیوالے 4 میزائلوں کے کامیاب تجربات کیے جس سے پاکستان کی کم سے کم دفاعی صلاحیت میں مزید بہتری آئی۔

میزائل سسٹم میں روز بروز جدت آنے سے پاکستان کا شمار جدیدترین میزائل ٹیکنالوجی کے حامل چند ممالک میں ہونے لگا۔ 2014میں نہ صرف کم فاصلے بلکہ درمیانی فاصلے تک مارکرنے والے میزائلوںکا بھی کامیاب تجربہ کیاگیا۔ اپریل2014 میں زمین سے زمین پرکم فاصلے تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل حتف تھری غزنوی کاکامیاب تجربہ کیاگیا۔ غزنوی میزائل روایتی اور نیوکلیئر وارہیڈ کے ساتھ 290کلومیٹر تک اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے۔

8مئی 2014کو آرمی اسٹرٹیجک فورسز کمانڈکی فیلڈٹریننگ ایکسرسائز کے اختتام کے موقع پرحتف غزنوی کادوبارہ تجربہ کیاگیا جس کامقصد اسٹرٹیجک میزائل گروپ کی آپریشنل تیاریوں کو جانچنااور اس ویپن سسٹم کی مختلف صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے کے بعداس کاعملی مظاہرہ کرنا تھا۔

نومبر 2014میں ایک ہفتے کے دوران 2انتہائی اہم میزائلوں کے تجربے کیے گئے جن میں درمیانی فاصلے تک مارکرنے والے شاہین ٹواور شاہین ون اے شامل ہیں۔ نومبر2014 کوشاہین ٹومیزائل کا تجربہ کیاگیا جو روایتی اور نیوکلیئر وارہیڈ کے ساتھ 1500کلومیٹر تک اپنے ہدف کونشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتاہے۔ تجربے کابنیادی مقصدمیزائل کے نئے ٹیکنیکل پیرامیٹرز اور مختلف ڈیزائنز کی تصدیق کرنا تھا۔ 17نومبر 2014 کو شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کاتجربہ کیاگیا جس کا ہدف بحیرہ عرب میں تھا۔

شاہین ون اے جدیدترین ویپن سسٹم ہے جوروایتی اورنیوکلیئر وارہیڈ کے ساتھ انتہائی کامیابی کے ساتھ 900 کلومیٹر تک اپنے ہدف کودرست انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتاہے۔ میزائل میں جوگائیڈنس سسٹم لگایا گیا ہے وہ پاکستانی انجینئرز اور سائنسدانوں کا اپنا تیارکردہ ہے جوانتہائی اہم کامیابی ہے۔ ان 4مختلف ویپن سسٹمزکے کامیاب تجربوں سے اس بات کوتقویت حاصل ہوئی ہے کہ ملکی سالمیت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج مکمل طورپر تیار ہیں۔

مقبول خبریں