وزیرستان مارچ میں کوئی سانحہ ہوا تو ذمے دار صدر زرداری ہونگے عمران خان

طالبان کو اعتراض ہے نہ فوج کو، صرف حکومت خائف ہے، چیئرمین تحریک انصاف، صاحبزادہ فضل کریم نے حمایت کردی


ڈراما کیا جارہا ہے، بشیر بلور، شرکا پر خودکش حملہ ہوسکتا ہے، وزارت داخلہ کی وارننگ، امریکی وزیرستان نہ جائیں، سفارتخانہ۔ فوٹو: فائل

MUZAFFARABAD: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیرستان امن مارچ تاریخی ہوگا۔

کسی بھی قسم کے سانحے کی ذمے داری براہ راست صدر آصف زرداری پر ہوگی، قبائلی امن پسند لوگ ہیں اور ان کی مہمان نوازی ضرب المثل ہے، شرکاکا تاریخی استقبال ہوگا،تمام سیاسی جماعتوں اورقائدین کوامن مارچ میں شرکت کی دعوت دیتاہوں، حکومتی رکاوٹوںکوبرداشت نہیںکریںگے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو وزیرستان امن مارچ کے سلسلے میں میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کہا کہ امن مارچ کا اصل مقصد دنیا کو وزیرستان اور دیگرقبائلی علاقہ جات میں ڈرون حملوںکی تباہ کاریوں سے آگاہ کرنا ہے، قبائلی عوام ٗ طالبان اور فوج کوامن مارچ پر اعتراض نہیں ہے، انھوں نے کہا کہ 32 امریکیوںسمیت غیر ملکی امن مارچ میں شرکت کے لیے آئے ہیں، پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھرپور طریقے سے امن مارچ میں شریک ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ اگر فوج صدر کے ماتحت نہیں تو پھر ہم کسی اور کوکسی حادثے کا ذمے دارٹھہرائیں جب فوج صدرکے ماتحت ہے اوروہ ملک کے حکمران ہیں تو ہم ان پر ہی ذمے داری ڈالیںگے۔

قبل ازیں بریفنگ کے دوران ڈرون حملوں کے خلاف متحرک وکیل کلائیواسمتھ، ٹونی بلیئر کی بیوی کی بہن لورن بوتھ اور امریکی سول سوسائٹی کی رکن مڈیابنجمن نے خطاب کرتے ہوئے ڈرون حملوںکوغیرقانونی اورغیر اخلاقی قرار دیا اور امریکی صدر باراک اوباما سے فوری طور پر ڈرون حملے بندکرنے کامطالبہ کیا۔ ادھر خیبرپختونخوا کے سنیئر وزیر بشیر احمد بلور نے کہا کہ عمران خان کا وزیرستان مارچ ڈراما ہے جو کسی کے کہنے پرکیا جارہا ہے ، ایک ٹی وی کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے تحریک انصاف کی وزیرستان امن ریلی کی حمایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ امن کیلئے جو بھی جماعت آگے بڑھے گی، اسکا ساتھ دیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے تحریک انصاف کے وزیرستان امن مارچ پر کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے خودکش حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وارننگ لیٹر جاری کردیا، وارننگ لیٹر کے مطابق تحریک طالبان نے 9 خود کش حملہ آور تیار کیے ہیں ان کو مختلف نامعلوم مقامات پر بھیج بھی دیا گیا ہے، ثناء نیوز کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ وزیرستان جانے کے خواہش مند امریکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس خطرناک علاقے میں نہ جائیں۔

مقبول خبریں