ایچ ای سی کا اعتراضلیاری یونیورسٹی میں داخلوں کا عمل روک دیا گیا

شیڈول کے برعکس کلاسز شروع نہیں ہوسکیں گی،ایجوکیشن ماسٹر اور بی ایس پروگرام ایوننگ میں منتقل کردیا گیا.


Safdar Rizvi October 08, 2012
یونیورسٹی نے لائبریری میں کتب کی تعداد ،پی ایچ ڈی فیکلٹی اور ایچ ای سی کی شرائط پر عمل کیا ہے،رجسٹرار۔ فوٹو: فائل

شہیدبینظیربھٹولیاری جنرل یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے اعتراض کے بعد نئے سیشن کے لیے ہونے والے داخلوں کاعمل عارضی طور پر روک دیا ہے اورشیڈول کے برعکس فوری طور پر کلاسز شروع نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

جبکہ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ نے جامعہ کوایوننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے جس میں ابتدائی طورپرشعبہ ایجوکیشن شروع کیا جائے گا تاہم سینڈیکیٹ نے یونیورسٹی کونئے متعارف کروائے گئے دیگرشعبوں میں داخلہ شروع کرنے سے بھی روک دیا ہے ان شعبوں میں سینڈیکیٹ کے فیصلے کے بعد یونیورسٹی نے طلبا کی داخلہ فیس ختم کردی ہے ،''ایکسپریس'' کو معلوم ہوا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے شہید بینظیریونیورسٹی کوتسلیم کیے جانے سے قبل نئے سیشن کے لیے داخلے دینے پراعتراض کیا تھاجس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے شعبہ انگریزی، بزنس ایڈمنسٹریشن ،کمپیوٹر سائنس، اسلامیات ،کامرس اور ایجوکیشن کے شعبے میں جاری داخلوں کا عمل عارضی طورپر روکتے ہوئے میرٹ لسٹوں کااجرا بھی روک دیا۔

جس کے سبب یونیورسٹی میں تدریس شروع نہیں ہوسکی ہے،مزید براں یونیورسٹی کی سینیڈیکیٹ نے وائس چانسلرڈاکٹرآر اے شاہ کی زیرصدرات منعقدہ اجلاس میں لیاری جنرل یونیورسٹی کوایوننگ پروگرام شروع کرنے کی اجازت دیدی ہے جسکے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے ایجوکیشن میں شروع کیاجانے والاماسٹر اور بی ایس پروگرام صبح کے بجائے ایوننگ پروگرام میں منتقل کردیا ہے جس میں داخلوں کا عمل ایچ ای سی کے جاری مذاکرات کے بعد مکمل کرلیا جائے گا۔

شہید بینظیر بھٹو لیاری جنرل یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محبوب شیخ نے داخلوں کاعمل روکے جانے اورسینڈیکیٹ کے فیصلوں کے حوالے سے ''ایکسپریس''کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ لیاری جنرل یونیورسٹی نے لائبریری میںکتب کی تعداد اور پی ایچ ڈی فیکلٹی سمیت ایچ ای سی کی دیگرشرائط پر عملدرآمد کیا ہے، محبوب شیخ کاکہناتھاکہ لیاری میں سرکاری گوداموں کی زمین سمیت ایک ڈگری کالج کی عمارت میں مزید شعبے شروع کرنے کے لیے حکومت سے بات چیت چل رہی ہے جس کاجلد کوئی نتیجہ سامنے آجائے گا۔

مقبول خبریں