شرپسند بازآ جائیں ورنہ بچ نہیں سکیں گے صدر ممنون

کراچی اورملک کی عظمت کوبحال کرنے کا وقت آگیا ہے ، صدر ممنون


کمیونٹی بس پرفائرنگ کرنیوالے انسانیت کے دشمن ہیں،رضاربانی،ایازصادق اوردیگرکا افسوس فوٹو: فائل

صدر ممنون حسین،چیئرمین سینیٹ رضاربانی،اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید، گورنرپنجاب رفیق رجوانہ،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اوردیگر شخصیات نے کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں اسماعیلی برادری کی بس پرفائرنگ کے المناک واقعے کی مذمت اورقیمتی جانوںکے ضیاع پرگہرے دکھ اورغم کا اظہارکیا ہے ۔

ایک بیان میں صدر ممنون نے کہا کہ بد امنی نے کراچی کے روشن چہرے کو بدنما کردیا کراچی اورملک کی عظمت کوبحال کرنے کا وقت آگیا ہے ۔این ای ڈی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کو جتنا خراب ہونا تھا ہوگیا اب پوری قوم مل کر اسے ٹھیک کرے گی،شرپسند اپنی حرکتوں سے بازآ جائیں ورنہ بچ نہیں سکیں گے۔سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی،ڈپٹی چئیرمین مولانا عبدالغفور حیدری،قومی اسمبلی کے اسپیکرایازصادق اورڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے الگ الگ تعزیتی بیان میں کہا کہ کمیونٹی بس پرفائرنگ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

واقعے میں ملوث شر پسند عناصرکو قرار واقعی سزا دی جائے۔قائد ایوان سینیٹ راجا ظفرالحق اورقائد حزب اختلاف بیرسٹراعتزاز احسن نے بھی کراچی میں کمیونٹی بس پرفائرنگ کے واقعے پر سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کراچی میں بس پر فائرنگ کوشرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ واقعات دہشت گردی کیخلاف عزم سے پیچھے نہیں ہٹاسکتے، قاتلوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، پْرامن لوگوں کو نشانہ بنانا بھیانک کارروائی ہے۔آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

گورنرپنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کاکوئی مذہب نہیں حکومت دہشتگردی کے تدارک کے لیے اپنا کرداراداکررہی ہے، سانحہ کراچی نے دکھی کردیا ہے آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کروں گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ کراچی میں بس پرفائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی کی انتہائی سفاکانہ اوربزدلانہ کارروائی ہے،ملک کی پرامن اور محب وطن کمیونٹی کے خلاف ایسی ظالمانہ کارروائی سمجھ سے بالاترہے، دہشت گرداپنے مذموم مقاصدکے حصول اورپاکستان کوکمزورکرنے کے لیے بے گناہ لوگوں کاخون بہا رہے ہیں۔

تاہم وہ اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جلد ملک میں امن قائم ہوگا۔ان شخصیات نے ٰاسماعیلی برادری سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میںان کے ساتھ ہیں۔انھوں نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

مقبول خبریں