بیسن کا استعمال جلد اوربالوں کے قدرتی حسن کونکھارتا ہے

بیسن رنگ کو گورا کرنے اور جلد کی چکناہٹ کو دورکرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے


ویب ڈیسک May 17, 2015
بیسن کا مسلسل استعمال نہ صرف جلد کو پرکشش بناتا ہے بلکہ بالوں کو بھی نئی زندگی دیتا ہے، فوٹو فائل

بیسن اور ہلدی کا استعمال زمانہ قدیم سے چہرے اور بالوں کی خوبصورتی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے حیرت انگیز نتائج جلد کو ایک نئی زندگی عطا کردیتے ہیں اسی لیے بالخصوص خواتین جلد کی خوبصورتی کے لیے بیسن کا استعمال تواتر سے کرتی ہیں۔

رنگ گورا کریں: 4 چمچے بیسن، ایک چمچہ دودھ اور ایک چمچہ لیموں کا رس لیں اور انہیں اچھی طرح ملا کر آمیزہ تیار کرلیں پھر اسے اپنے چہرے پر لگالیں اور خشک ہونے پر اسے دھو لیں چند ہی دنوں میں جلد کی رنگت نکھرنے لگے گی۔

جلد کی چکناہٹ سے نجات: 4 چمچے بیسن اور 2 چمچے دودھ یا دہی لے کر اس آمیزے کو چہرے پر لگائیں اور 20 منٹ بعد چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھو لیں چند ہی دنوں میں جلد سے چکناہٹ ختم ہونے لگے گی۔

کیل مہاسوں کا خاتمہ: 2 چمچے بیسن، ایک چمچہ صندل کا پاؤڈر، ایک چمچہ دودھ اور ایک چٹکی ہلدی کو اچھی طرح ملا کر چہرے پر پھیلا دیں اور خشک ہونے پر جلد کودھو لیں۔

خشک جلد سے نجات: ایک چمچہ بیسن، ایک چمچہ ملائی، ایک چمچہ شہد اور3 قطرے لیموں کے رس کا آمیزہ بنائیں اور خشک ہونے پر ٹھنڈے پانی سے دھولیں اس عمل سے کچھ روز میں ہی آپ کے چہرے کی تازگی لوٹ آئے گی۔

بڑھتی عمر کے اثرات سے نجات: 2 چمچے بیسن، 2 چمچے شہد، ایک چٹکی ہلدی اور ایک سبز ٹی بیگ لیں،سبزٹی بیگ کو گرم پانی میں ڈبو کر اس کو ایک پیالی میں نچوڑیں اور پھر اس میں دیگر اجزا ڈال کر اسے اچھی طرح مکس کرلیں اب اس آمیزے کو چہرے پر لگائیں یہ ترکیب نہ صرف عمری رسیدگی کے نشانات کو مٹا دے گی بلکہ جلد کی چکناہٹ کو بھی دور کردے گی۔

چمکدار جلد کے لیے :4 چمچے بیسن، ایک چمچہ مالٹے کے چھلکوں کا پاؤڈر اور ایک چمچہ ملائی ملا کر اس آمیزے کو چہرے پر نرمی سے رگڑیں اور 15 منٹ بعد دھولیں آپ کی جلد چمکداراوردلکش ہوجائے گی۔

چہرے کے داغوں سے نجات: 2 چمچے بیسن اور ایک چمچہ کھیرے کا جوس انہیں اچھی طرح ملالیں اور جلد پر کچھ دیرلگا رہنے دیں اورخشک ہونے پر جلد کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔

چہرے کے کالے نشانات کا خاتمہ: 4 چمچے بیسن، ایک چمچہ لیموں کا جوس، ایک چمچہ دہی اور ایک چمچہ ہلدی لے کر اسے اچھی طرح مکس کرلیں اور پورے چہرے پر لگا دیں پھر خشک ہونے پر دھولیں اور پھر بہتر نتائج کے لیے اس عمل کو ہفتے میں 3 بار دہرائیں۔

چمکدار بالوں کے لیے: 2 چمچے بیسن، ایک انڈے کی سفیدی، ایک چمچہ دہی اور ایک چمچہ لیموں کا رس لیں اور ان تمام اجزا کو ملا کر اپنے بالوں میں اچھی طرح لگالیں اور صرف 20 منٹ بعد بال دھو لیں کچھ ہی دنوں میں بال چمکدار اور توانا نظرآئیں گے۔

بالوں کو بڑھنے میں مدد گار: 2 چمچے بیسن، ایک چمچہ بادام کا پاؤڈر، ایک چمچہ دہی اور ایک چمچہ زیتون کا تیل لیں اور ان اجزا کو ملا کر بالوں میں لگا لیں اگر آپ کے بال خشک ہیں تو ایک وٹامن ای کا کیپسول بھی اس آمیزے میں شامل کر لیں۔

مقبول خبریں