کشمیریوں کو حق خود رادیت دینےکا وقت آگیا برطانوی ارکان پارلیمنٹ

کشمیری کئی برسوں سے بنیادی حق خود ارادیت کےلیےلڑ رہےہیں اوربھارتی افواج ان پرمظالم ڈھا رہی ہیں،برطانوی ارکان پارلیمنٹ


کشمیری کئی برسوں سے بنیادی حق خود ارادیت کےلیےلڑ رہےہیں اوربھارتی افواج ان پرمظالم ڈھا رہی ہیں،برطانوی ارکان پارلیمنٹ۔ فوٹو: فائل

مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں 35سے زائد برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے پر زور دیا۔

برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کمیٹی کے صدر اینڈریو گرفتھ نے کی جبکہ آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سمیت 35سے زائد ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ شرکا میں لارڈ نذیر احمد، لارڈ قربان حسین، ارکان پارلیمنٹ خالد محمود، عمران، ناز شاہ، اسٹیلا کریسا، جیف اسمتھ اور دیگر شامل تھے۔

برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ کشمیری کئی برسوں سے اپنے بنیادی حق خود ارادیت کیلیے لڑ رہے ہیں اور بھارتی افواج ان پر مظالم ڈھا رہی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے صدر نے بتایا کہ سابقہ حکومت کے دور میں ہم نے کشمیر ملین مارچ کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ پارلیمنٹ ہائوس میں پہلی دفعہ مسئلہ کشمیر پرباقاعدہ بحث کی گئی اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے آزادی پسند رہنمائوں کی غیر قانونی نظربندی اور دیگر پابندیوں کے خلاف آج (جمعہ) سے 10 روزہ جیل بھرومہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے سری نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخلو ط حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ مفتی سعید نے آزادی پسند رہنمائوں کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور انھیں آئے روز گھروں، تھانوں اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر کیا جاتا ہے۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں ضلع گاندر بل کے علاقے سونہ مرگ میں لوگوں نے اپنی 200 کنال ملکیتی اراضی پر بھارتی فوج کے زبردستی قبضے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اوردھرنا دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں