ورلڈ ہاکی لیگ پاکستان نے پولینڈ کو 21 سے ٹھکانے لگادیا

فیصلہ کن گول محمد وقاص نے کھیل ختم ہونے کے صرف6 منٹ قبل کیا


Sports Reporter June 22, 2015
فیصلہ کن گول محمد وقاص نے کھیل ختم ہونے کے صرف6 منٹ قبل کیا۔ فوٹو: فائل

ایف آئی ایچ ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلزمیں پاکستانی ٹیم نے فاتحانہ آغازکردیا، میگا ایونٹ کے ابتدائی میچ میں پولینڈ کو 2-1 سے ٹھکانے لگاکرتین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

فیصلہ کن گول محمد وقاص نے کھیل ختم ہونے کے صرف6 منٹ قبل کیا، گرین شرٹس لیگ کا دوسرا میچ بدھ 24 جون کو عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی، قومی کپتان محمد عمران کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ٹیم عمدہ کارکردگی کا سلسلہ لیگ کے اگلے میچوں میں بھی رکھے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ ورلڈ ہاکی لیگ کے سیمی فائنلز کا باقاعدہ آغاز بیلجیئم میں ہو گیا،گرین شرٹس نے اپنے افتتاحی میچ میں پولینڈکوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دی، محمد وقاص نے مقابلہ ختم ہونے سے صرف 6 منٹ قبل گیند کو جال میں پہنچاکر پاکستانی ٹیم کو3 قیمتی پوائنٹس دلوادیے۔

انٹورپ میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے کھیل کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اوریکے بعد دیگرے حملوں سے حریف ٹیم کی دفاعی لائن کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں،چوتھے منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو پولینڈ کی ''ڈی'' میں لے جانے میں کامیاب ہو گئے، وہاں پر پہلے سے موجود محمد عرفان نے گول کیپر کو خوبصورت چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال کے اندر پھینک دیا۔ پہلے کوارٹر کے آخری11منٹ میں دونوں ٹیمیں بھرپور کوششوں کے باوجود گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔دوسرے اور تیسرے کوارٹرز میں دفاعی حکمت عملی کی وجہ سے نہ صرف کھیل سست روی کا شکار ہو گیا بلکہ دونوں ٹیمیں مزیدگول کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکیں۔

آخری کوارٹر میں کھیل ایک بار پھر خاصا جاندار رہا اور15منٹ کے اس وقفے میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا۔51 ویں منٹ میں پولینڈ کے پلیئر بریٹکوسکی نے گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا لیکن 3 منٹ بعد پاکستان کے محمد وقاص نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اس طرح پاکستان نے میچ 2-1 گولز سے جیت لیا۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 24 جون کا عالمی چیمپئن آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گی، ادھرقومی کپتان محمد عمران کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ٹیم اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی، قومی کپتان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہیں اور امیدکرتے ہیں کہ ٹیم عمدہ کارکردگی کا سلسلہ لیگ کے اگلے میچوں میں بھی رکھے گی۔

نمائندہ''ایکسپریس'' سے برسلزسے فون پر بات چیت کرتے ہوئے محمد عمران نے کہاکہ مقابلہ خاصا جاندار رہا، لیگ کا ابتدائی میچ ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں پر پریشر تھا، تاہم خوشی ہے کہ نہ صرف لیگ کا ابتدائی میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں بلکہ تین قیمتی پوائنٹس بھی ہمارے حصہ میں آئے ہیں۔ قومی کپتان نے کہا کہ جیت کے باوجود ہمیں گول مسنگ پر مزید قابو پانے کی ضرورت ہے، اگر میگا ایونٹ میں زیادہ پریکٹس میچز کھیلنے کے مواقع میسر آتے تو زیادہ بہتر انداز میں ردھم میں آ سکتے تھے۔ بہر حال پولینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم میٹنگ میں پلیئرز کی غلطیوں کا جائزہ لے کر انھیں دورکرنے کی کوشش کی جائے گی۔قومی کپتان نے کہا کہ ہم کسی ایک میچ میں کامیابی کا ہدف لے کر بیلجیئم نہیں آئے بلکہ ہمارا مقصد اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کیلیے کوالیفائی کرنا ہے، قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور اپنا اصل ہدف حاصل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

مقبول خبریں