نجی میڈیکل کالجز نے شعبہ طب کے بنیادی سہولیات کے اصول توڑ دیے

فاطمہ جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو اسپتال کی سہولت کے بغیر ہی چلایا جارہا ہے.


Safdar Rizvi October 18, 2012
سرسید میڈیکل کالج میں ڈینٹل کے مضامین سے متعلق اساتذہ نہیں،جامعہ کراچی الحاق کمیٹی کے دورے پر سہولیات کے فقدان کا انکشاف. فوٹو: فائل

جامعہ کراچی سے الحاق شدہ بعض نجی میڈیکل کالج اسپتال کی لازمی شرط کے بغیر چلائے جانے کا انکشاف ہواہے۔

جبکہ کچھ الحاق شدہ نجی میڈیکل کالجوں میں اساتذہ نہ ہونے سے کئی مضامین کی کلاسزبھی نہیں ہورہی ہیں اس بات کاانکشاف جامعہ کراچی کی الحاق کمیٹی کے متعلقہ نجی میڈیکل کالجوں کے دورے کے موقع پر ہواہے جس کے بعد جامعہ کراچی کی الحاق کمیٹی نے ان کالجوں کوالحاق کی منسوخی سے قبل تنبیہی خطوط جاری کردیے ہیں ،جامعہ کراچی کے رجسٹراراورسیکریٹری الحاق کمیٹی پروفیسرڈاکٹر منصور احمد نے ''ایکسپریس''کوبتایاکہ الحاق کمیٹی کی جانب سے فاطمہ جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اورسرسید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے دورے پرمذکورہ کالجوں میں لازمی سہولیات کے فقدان کامعاملہ سامنے آیا ہے،انھوں نے بتایاکہ فاطمہ جناح میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کے دورے پرمعلوم ہواہے کہ کالج کو اسپتال کی سہولت کے بغیرہی چلایا جارہا ہے اور طلبا کو میڈیکل کے مضامین میں عملی تجربات کے بغیر طب کی تعلیم دی جارہی ہے۔

کالج انتظامیہ نے ایک اسپتال سے معاہدہ کررکھا تھا جواب ختم ہوچکا ہے جبکہ سرسید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے دورے کے موقع پراس امر کاانکشاف ہواہے کہ ڈینٹل کے مضامین سے متعلق کالج کے پاس اساتذہ ہی نہیں ہیں اورکالج انتظامیہ دیگرمضامین کے اساتذہ سے کام چلارہی ہے انھوں نے بتایاکہ اس امر کاانکشاف بھی ہواہے کہ کالج انتظامیہ نے مختص نشستوں سے زائد داخلے دے رکھے ہیں جس کی اجازت بھی نہیں لی گئی ،ڈاکٹر منصورکاکہناتھاکہ سرسید میڈیکل کالج کو انسپکشن کروانے کے لیے کہاجارہاہے تاہم کالج انتظامیہ ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے،جس کے بعد جامعہ کراچی کی الحاق کمیٹی کی جانب سے متعلقہ کالجوں کو ایک تنبیہی خط جاری کردیا گیا ہے۔

مقبول خبریں