ڈاکٹر عاصم کو اسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج جیل منتقل کرنے کا حکم

ڈاکٹر عاصم مکمل طور پر صحت مند ہیں اور انھیں اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، میڈیکل بورڈ


ویب ڈیسک October 28, 2015
ڈاکٹرعاصم کی صحت تسلی ہے اور میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سے مطمئن ہیں، عدالت۔ فوٹو: فائل فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کو رینجرز کی تحویل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے انھیں جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈاکٹر عاصم کی جانب سے رینجرز کی تحویل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ نے ڈاکٹرعاصم کی صحت تسلی بخش قرار دی ہے جب کہ عدالت 7 رکنی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سے مطمئن ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم مکمل طور پر صحت مند ہیں اور انھیں اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ڈاکٹر عاصم کی اسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے انھیں فوری طور پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل رینجرز نے سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین کو دہشت گردوں کی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ان کا 90 روزہ ریمانڈ بھی لیا گیا تھا تاہم ڈاکٹر عاصم کے اہل خانہ نے ڈاکٹر عاصم کی طبیعت ناساز کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انھیں رینجرز تحویل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

مقبول خبریں