بلائنڈ کرکٹ پاکستان سے فیصلے پر نظرثانی کی بھارتی اپیل

ایشیا کپ کیلیے جانے کا قدم دفترخارجہ کی مشاورت سے اٹھائیں گے، سلطان شاہ


Sports Reporter October 29, 2015
ایشیا کپ کیلیے جانے کا قدم دفترخارجہ کی مشاورت سے اٹھائیں گے، سلطان شاہ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: بھارت بلائنڈ کرکٹ کونسل نے پاکستان سے آئندہ برس جنوری میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کے فیصلے پرنظرثانی کی اپیل کردی۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کو لکھے گئے خط میں بھارتی بورڈ کے جنرل سیکریٹری مہانتیش جی کے نے کہاکہ پاکستان کے ایشیا کپ سے باہر نکلنے کے فیصلے سے صدمہ اور تکلیف ہوئی، ٹورنامنٹ کا انعقاد بھارت کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک کوچی میں ہو رہا ہے، یہاں پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں پہلے بھی میچ کھیل چکی ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے گذشتہ ہفتے بھارت میں پی سی بی کے حکام، پاکستانی کھلاڑیوں اور فنکاروں سے ہونے والے ناروا سلوک پر سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔

خط میں یہ یاددہانی بھی کرائی گئی ہے کہ بلائنڈ کرکٹ بورڈ کے حکام نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ بورڈ کے دعوت ناموں کی ہمیشہ بہت قدر کی،ان کی ٹیم نے نامساعد حالات کئی مشکلات اور سیکیورٹی خطرات کے باوجود نومبر2011 اور فروری 2014 میں پاکستان کا دورہ کیا، مہانتیش جی نے مزید کہا کہ وہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں تاہم انھوں نے اصرارکیاکہ پاکستان 17 تا 24 جنوری کے درمیان بھارت کے شہر کوچی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، اس حوالے سے پاکستان بلائنڈکرکٹ بورڈکے چیئرمین سید سلطان شاہ نے کہاکہ ہم بھارت سے کھیلوں کے روابط برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاہم دفترخارجہ سے مشاورت کے بعد ہی بلائنڈ ایشیا کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

مقبول خبریں