’’توجہ کھیل پر رکھو‘‘علیم ڈار سے الجھنا براڈ کو مہنگا پڑ گیا

انگلش بالر پر 30 فیصد میچ فیس جرمانہ، غلطی تسلیم نہ کرنے پر ریفری کو سماعت کرنا پڑی


Sports Desk January 07, 2016
انگلش بالر پر 30 فیصد میچ فیس جرمانہ، غلطی تسلیم نہ کرنے پر ریفری کو سماعت کرنا پڑی۔ فوٹو: گیٹی امیجز۔

جنوبی افریقہ سے دوسرے ٹیسٹ میں انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ کو فیلڈ امپائر علیم ڈار سے الجھنا مہنگا پڑ گیا، تجربہ کار آفیشل کو'کام سے کام' رکھنے کا مشورہ دینے پر 30 فیصد میچ فیس جرمانہ کردیا گیا.

تفصیلات کے مطابق کیپ ٹائون ٹیسٹ میں جنوبی افریقی بیٹسمین ٹیمبا باووما کا کیچ ڈراپ ہونے پر انگلش فاسٹ بولر براڈ آپے سے ہی باہر ہوگئے، یہ کیچ ان کی گیند پر جونی بیئر اسٹو کے ہاتھوں سے چھوٹا تھا جس سے باووما کو سنچری مکمل کرنے کا موقع مل گیا۔ غصے کی شدت سے براڈ نے پچ پر ہی ٹھوکریں مارنا شروع کردی تھیں۔ جس پر فیلڈ امپائر علیم ڈار نے انگلش کپتان کک کو خبردار کیا کہ ان کا پلیئر پچ خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے. اس پر براڈ مزید بھڑک اٹھے انھوں نے ایک مرتبہ نہیں بلکہ 2 بار علیم ڈار سے کہا کہ وہ اپنی توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھیں، ان کایہ طرز عمل سراسر ناقابل قبول تھا، جس پر علیم ڈار، بروس آکسنفورڈ ، تھرڈ امپائر روڈ ٹکر اور چوتھے امپائر شان جارج نے بھی ان کی باقاعدہ رپورٹ کردی۔

جب یہ معاملہ میچ ریفری رنجن مدوگالے کے پاس گیا تو وہاں براڈ نے اپنی غلطی تسلیم کرنے سے صاف انکار کردیا جس پر انھیں باقاعدہ معاملے کی سماعت کرنا پڑا جس میں تمام شواہد فاسٹ بولر کے ہی خلاف تھے، انھیں پلیئرزکے حوالے سے آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.1.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر30 فیصد میچ فیس جرمانہ کردی گئی۔ آئی سی سی قواعد کے مطابق لیول ون کی پہلی مرتبہ خلاف ورزی کی صورت میں آفیشل طور پر متنبیہ کیے جانے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 50 فیصد میچ فیس جرمانہ کی جاتی ہے۔

مقبول خبریں