پریانکا چوپڑانے امریکا میں ’’پیپلز چوائس ایوارڈ‘‘ جیت لیا

پریانکا چوپڑا امریکا میں ’’پیپلز چوائس ایوارڈ 2016‘‘ جیتنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بن گئیں۔


ویب ڈیسک January 07, 2016
پریانکا چوپڑا امریکا میں ’’پیپلز چوائس ایوارڈ 2016‘‘ جیتنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بن گئیں، فوٹو:انڈیا ٹائمز

بالی ووڈ میں جنگلی بلی کے نام سے مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا امریکا میں ''پیپلز چوائس ایوارڈ 2016'' جیتنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بن گئیں۔

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا شمار انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں یہی نہیں انہوں نے میزبانی اور گلوکاری میں بھی کامیابیاں سمیٹی ہیں تاہم اب ہالی ووڈ میں بھی انہوں نے کامیابیوں کا سفر شروع کردیا ہے۔

گزشتہ دنوں امریکی شہر لاس اینجلس میں پیپلز چوائس ایوارڈ 2016 کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہالی ووڈ کے معروف اداکاروں نے شرکت کی جب کہ تقریب میں اداکارہ پریانکا چوپڑا کو ان کے ڈرامے''کوانٹیکو'' میں بہترین اداکاری پر ''پیپلز چوائس ایوارڈ 2016'' دیا گیا جس کے بعد وہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی جنوبی ایشیائی اداکارہ بن گئی ہیں۔ دوسری جانب اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی ایوارڈ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔



واضح رہے کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے امریکی ڈرامہ سیریل ''کوانٹیکو'' میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا۔

مقبول خبریں