جاپان دوسری جنگ عظیم کاامریکی ساختہ 250 کلو وزنی بم برآمد

سیندائی ہوائی اڈہ بند،تمام پروازیں منسوخ،بم کومنتقل کرنے یاوہیں ناکارہ بنا نے پر غور


INP October 31, 2012
جنگ کے دوران ہوائی اڈہ جاپانی فضائیہ کاتربیتی اسکول تھا،متعدد شہر بمباری کا نشانہ بنے تھے . ۔فوٹو فائل

جاپان کے سیندائی ہوائی اڈے پر دوسری جنگ عظیم کا امریکی ساختہ 250کلوگرام وزنی بم برآمد ہونے کے بعد آنے اورجانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ہوائی اڈے کواس وقت بندکردیا گیا جب اس کے ایک رن وے کے قریب دوسری جنگ عظیم کا ایک بغیر پھٹا بم پایا گیا۔ بموں کوٹھکانے لگانے والے ادارے کو مطلع کردیاگیا۔ جنگ کے دوران یہ ہوائی اڈہ جاپانی فضائیہ کا تربیتی اسکول تھا۔ اسے مارچ 2011ء میں آنیوالے سونامی کے بعد کئی مہینوں کیلیے بند کردیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم اس بات پر غور کر رہی ہے کہ آیا بم کو منتقل کیا جائے یا اسے وہیں ناکارہ بنادیا جائے۔

پولیس سربراہ ہیروشی آچی نے کہا کہ آس پاس کے گھروں کو خالی کروانے پرغور کررہے ہیں۔ سیندائی شہرکی آبادی 10 لاکھ کے قریب ہے۔ یہ شہر 2011 کے زلزلے کے مرکز سے بہت قریب تھا۔ جاپان کے متعدد شہر دوسری جنگ عظیم کے دوران بھاری بمباری کا نشانہ بنے تھے اور وہاں تعمیراتی کام کے دوران بم ملنا معمول کی بات ہے۔

مقبول خبریں