پاکستان سے سیریز کیویز ’’میک کولم اسٹائل‘‘ کی کرکٹ کھیلیں گے

سابق کپتان کی طرح بے خوف اورآزادانہ اندازسے کھیلنے کا سلسلہ جاری رہے گا، ولیمسن


Sports Desk January 14, 2016
سابق کپتان کی طرح بے خوف اورآزادانہ اندازسے کھیلنے کا سلسلہ جاری رہے گا، ولیمسن. فوٹو: فائل

پاکستان سے سیریز میں کیویز ''میک کولم اسٹائل''کی کرکٹ کھیلیں گے، نئے ٹوئنٹی 20 قائد کین ولیمسن کے دل میں بھی سابق کپتان جیسا کھلاڑی بننے کی خواہش انگڑائیاں لینے لگی۔

تفصیلات کے مطابق مختصر ترین فارمیٹ سے برینڈن میک کولم کی فوری ریٹائرمنٹ کے سبب نیوزی لینڈنے عبوری طور پر قیادت کی ذمہ داری کین ولیمسن کو سونپی ہے، وہ ٹیم کی میک کولم کے ہی انداز میں رہنمائی کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ میں میک کولم کی عدم موجودگی میں پہلے بھی کپتانی کرچکا، ہم نے ایک ساتھ کافی اچھی کرکٹ کھیلی۔

کیوی کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو کامیابیوں کی راہ پر ڈالا، بطور عبوری کپتان میرے لیے ضروری ہے کہ اچھی چیزوں کو آگے لے کر جائوں، البتہ ٹیم میں اور بھی کئی سینئر کھلاڑی موجود اور انھیں بھی کچھ ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔

ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے حوالے سے ولیمسن نے کہا کہ جنوبی ایشیا میںکھیلنا کافی چیلنجنگ ہوتا ہے، ہمارے لیے ضروری ہے کہ تمام چیزوں سے خبردار رہیں، اس لیے آزادانہ اور دلیرانہ انداز میں کھیلنے کی حوصلہ افزائی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ولیمسن نے واضح کیا کہ کپتانی سے میری بیٹنگ فارم متاثر نہیں ہوگی، ٹاپ پر مجھے مارٹن گپٹل کا ساتھ حاصل اور میں ان کے ساتھ بڑی شراکت قائم کرنے کی کوشش کروں گا،کسی بھی قسم کے دبائو سے آزاد ہوکر اپنی کرکٹ کھیلنے کی خواہش ہے۔ایڈن پارک کی چھوٹی بائونڈریز کے حوالے سے ولیمسن نے کہاکہ ہم اس میدان میں کھیلنے کے عادی ہیں مگر یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے کہ جب آپ جلد وکٹیں گنوادیں تو پھر چھوٹی بائونڈریز کا فائدہ اٹھانا دشوار ہوجاتا ہے۔

مقبول خبریں