امریکا کے پاکستان کو ایف 16 طیارے فروخت کرنے پر بھارت کو تکلیف ہوگئی

امریکاکےخیال سےاتفاق نہیں رکھتے کہ طیاروں کی فروخت سے انتہا پسندی کےخلاف جنگ میں مدد ملےگی،ترجمان بھارتی وزارت خارجہ


ویب ڈیسک February 13, 2016
امریکا نے گزشتہ روز پاکستان کو 8 جدید ترین ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ فوٹو: فائل

امریکا کی جانب سے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کے فیصلے پر بھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگے ہیں اور اب اس نے الزام عائد کردیئے ہیں کہ ا مریکا کی جانب سے ملنے والے یہ طیارے دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ ان کے خلاف استعمال ہوں گے۔



بھارت پاکستان کو ایف 16جنگی طیارے فروخت کرنے کے فیصلے پر امریکا سے ناراض ہو گیا، نئی دلی میں تعینات امریکی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا جبکہ امریکا نے بھارتی اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی اور پی ٹی آئی کے مطابق بھارت نے دہلی میں تعینات امریکی سفیر کو بلا کر پاکستان کو ایف 16جنگی طیارے فروخت کرنے کے امریکی فیصلے کیخلاف اپنی ناراضی ظاہر کی ہے۔



بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹ کیا کہ ہم پاکستان کو ایف 16طیارے فروخت کیے جانے کے سلسلے میں اوباما انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے سے مایوس ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت امریکاکے اس خیال سے اتفاق نہیں کرتا کہ ان طیاروں کی فروخت سے انتہاپسندی کیخلاف جنگ میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سال کا ریکارڈ خود اپنی کہانی بیان کرتا ہے۔



ادھر ڈیفنس نیوز سے بات کرتے ہوئے امریکی عہدیدار نے پاکستان کو ایف 16طیارے فروخت کرنے کے معاہدے پر بھارتی اعتراضات رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ اس معاہدے پر کانگریس کے بھی تحفظات ہیں تاہم ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی استعداد بڑھانے کیلئے اس معاہدے کے حق میں ہیں۔ پاکستان میں جاری آپریشن نہ صرف پاکستان اور امریکی مفاد میں ہے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ ان سے دہشتگردوں کی طرف سے پاکستانی سرزمین کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے کی صلاحیتت متاثر ہوئی۔



غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے جمعہ کو پاکستان کو 8 ایف 16 طیارے فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔ یہ طیارے جوہری اسلحہ لے جانے کے اہل ہیں۔ یہ جنگی طیارے لاک ہیڈ مارٹن کور نے تیار کیے ہیں اور ان میں ریڈار سمیت دوسرا سازوسامان بھی شامل ہیں۔ پینٹاگان کی دفاعی سیکیورٹی تعاون ایجنسی جو اسلحے کی فروخت کا نگران ادارہ ہے، نے امریکی قانون سازوں کو مجوزہ فروخت کے بارے میں اپنی رضامندی دیدی ہے۔ ادارے نے کہا کہ ایف 16طیاروں سے پاکستانی فضائیہ کو ہر طرح کے موسم، ماحول اور رات میں بھی پرواز کرنے کی سہولت میسر ہو گی جبکہ اس سے پاکستان کی اپنی دفاعی صلاحیت میں بھی اضافہ ہو گا۔ اس سے پاکستان میں بغاوت اور دہشت گردی کیخلاف آپریشن میں تقویت ملے گی

مقبول خبریں