ایس ایم سائنس کالج کے نام پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ زمین حکومت کے نام بحال

فوری طور پر تدریسی و غیرتدریسی عملے سازوسامان کے ساتھ کالج کو گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج پنجابی کلب کھارادرمنتقل کردیں۔


Safdar Rizvi November 08, 2012
کالج انتظامیہ کی جانب سے منتقلی نہ کیے جانے کے بعد سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کی درخواست پرحکومت کی ہدایت پر اقدام کیاگیا فوٹو: فائل

ایس ایم سائنس کالج اور سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے مابین کالج کی منتقلی کا تنازع پیچیدہ صورت اختیار کرگیا اورکالج انتظامیہ کی جانب سے منتقلی نہ کیے جانے کے بعد صوبائی حکومت نے سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کی درخواست کے بعد ایس ایم سائنس کالج کے نام پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی ۔

ایس ایم سائنس کالج کی پلاٹ کی الاٹمنٹ ماضی کی طرز پر حکومت سندھ کے نام بحال کردی گئی جبکہ سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کی انتظامیہ کوکالج کی ملکیت اپنے نام کروانے کیلیے صوبائی محکمہ تعلیم کے ذریعے درخواست دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں جبکہ ڈائریکٹرجنرل کالجز سندھ نے کالج کی الاٹمنٹ منسوخ کیے جانے کے بعد ایس ایم سائنس کالج کی انتظامیہ کوکالج فوری طور پر چھوڑ دینے کے ایک بار پھر احکامات جاری کردیے ہیں ''ایکسپریس''کو معلوم ہوا ہے سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے رجسٹرار افروز عباسی کی جانب سے حکومت سندھ کو ایس ایم سائنس کالج کی عمارت اور پلاٹ ان کے ادارے کے نام الاٹ کرنے کیلیے ایک اپیل دائرکی تھی۔

اس اپیل کے تناظر میں معاملے کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر؍کلکٹر( کراچی جنوبی ) کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ ایس ایم سائنس کالج کے نام(13941اسکوائریارڈ پرپلاٹ نمبر ایس آر 4/1A سرائے کوارٹر)کومنسوخ کردیا گیا ہے ، حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس جگہ کی ملکیت اب 2 اگست 1976کی طرز پر حکومت سندھ کے نام بحال کردی گئی ہے جبکہ درخواست گزارکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس جگہ کی اپنے ادارے سندھ مدرسۃ السلام یونیورسٹی کے نام انٹری کے لیے صوبائی محکمہ تعلیم سے رابطہ کریں ۔

جاری کیے گئے حکم نامے میں صوبائی سیکریٹری تعلیم سے کہا گیا ہے کہ وہ ماضی میں ایس ایم سا ئنس کالج کے پرنسپل کی جانب سے ملکیت کا ٹائٹل تبدیل کرانے کے معاملے کی تحقیقات کریں،ڈائریکٹرجنرل کالجز پروفیسرناصر انصار نے کالج انتظامیہ کے نام ایک خط جاری کیا ہے جس میں ایس ایم سائنس کالج کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر تدریسی و غیرتدریسی عملے سازوسامان کے ساتھ کالج کو گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج پنجابی کلب کھارادرمنتقل کردیں۔

مقبول خبریں