فتح کے باوجود کپتان کو ٹیم کی غلطیاں کھٹکنے لگیں

یو اے ای کو90پرآؤٹ کرلینا چاہیے تھا،اگلے میچزمیں مزیدبہتری لانا ہوگی، آفریدی


Sports Desk March 01, 2016
آئندہ بھی چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے بھیجا جائے توزیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں،عمر۔ فوٹو:فائل

یو اے ای کیخلاف فتح کے باوجود شاہدآفریدی کو ٹیم کی غلطیاں کھٹکنے لگیں، قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان کا کہنا ہے کہ حریف کو 90 پر آؤٹ کرلینا چاہیے تھا، اگلے میچز میں مزید بہتری لانا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میچ میں یواے ای کیخلاف فتح کے باوجود شاہد آفریدی کے چہرے پر یہ احساس نمایاں تھا کہ ایک نوآموز ٹیم کے ہاتھوں اتنی پریشانی اٹھانا پڑی، میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس فارمیٹ میں غلطیوں کی بہت کم گنجائش ہوتی ہے، عمراکمل نے کہا کہ آئندہ بھی چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلیے بھیجا جائے تو سیٹ ہوکر ٹیم کیلیے زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔

ابتدا میں 3 وکٹیں جلد حاصل کرنے کے بعد ہمیں حریف کو 90 تک آؤٹ کرلینا چاہیے تھا، حریف پلیئرز نے چند اچھے اور غیرروایتی اسٹروکس کھیلے اور بہتر ٹوٹل بن گیا، ہمیں اگلے میچز میں مزید بہتری لانا ہوگی۔ ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ پہلا میچ ہی بھارت کیخلاف ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کو ردھم میں آنے کا قطعی موقع نہیں ملا، یواے ای کیخلاف ایک اچھی شراکت نے فتح کا راستہ بنا دیا، ہمیں اسی طرح کے ذمہ دارانہ کھیل کی ضرورت ہوگی۔

عمراکمل نے کہا کہ شعیب ملک کے ہمراہ وکٹ پر ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطرہ ٹالنے میں کامیاب رہا،یواے ای نے بڑی نپی تلی بولنگ کی، انھوں نے کہا کہ بیٹنگ آرڈر میں ترقی دیے جانے پر مجھے سیٹ ہونے کا موقع مل گیا،آئندہ بھی اسی نمبر پر بیٹنگ کیلیے بھیجا جائے تو ٹیم کیلیے زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔ شعیب ملک نے کہا کہ رن ریٹ کی فکر کیے بغیر ابتدائی 6 اوورز میں سنبھل کرکھیلنے کی حکمت عملی کامیاب رہی۔

مقبول خبریں