ورلڈ ٹی 20  پاکستان ساتویں رینکنگ پوزیشن سے انٹری دے گا

بیٹسمینوں میں کوئی بھی ٹاپ 10 کے قابل نہیں نکلا،شاہدآفریدی چوتھے بہترین بولر


Sports Desk March 08, 2016
بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے ساتھ ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا فوٹو: فائل

پاکستان ٹیم ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں ساتویں رینکنگ پوزیشن سے انٹری دے گی، بیٹسمینوں میں کوئی بھی ٹاپ 10 کے قابل نہیں نکلا، بولرز میں بدستور شاہد آفریدی کا چوتھا نمبر ہے، بھارت نے ایشیا کپ جیتنے کے ساتھ ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا، منگل سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کی صورت میں دیگر ٹیموں کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع میسر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں مایوس کن پرفارمنس کے باوجود گرین شرٹس کو ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں زیادہ زوال کا شکار نہیں ہونا پڑا، وہ اب ساتویں نمبر پر موجود اور اسی پوزیشن سے ورلڈ ٹی 20 ایونٹ میں ٹائٹل کیلیے اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔ ایشیائی ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم رینکنگ میں بھی ٹاپ پوزیشن کو مزید مضبوط کرچکی ہے۔

اس کے پوائنٹس127 جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر موجود ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے پوائنٹس 118 ہیں، البتہ اعشاریائی فرق سے ویسٹ انڈین ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ نیوزی لینڈ چوتھے اور انگلینڈ پانچویں درجے پر ہے،کینگروز111 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں جبکہ ان سے صرف ایک پوائنٹ نیچے پاکستان ساتویں نمبر پر براجمان ہے، میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن سری لنکن سائیڈ اس وقت رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے۔

افغانستان کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر رہا۔ منگل سے ورلڈ ٹوئنٹی 20 کا کوالیفائنگ راؤنڈ شروع ہورہا ہے جس میں پہلے روز 13 ویں نمبر پر موجود زمبابوے کا خود سے ایک رینک نیچے موجود ہانگ کانگ سے سامنا ہوگا، اس کے بعد 9 رینک کی حامل افغان ٹیم کا11ویں رینکڈ اسکاٹ لینڈ سے مقابلہ ہوگا۔ ٹاپ 10 بیٹسمین رینکنگ میں کوئی پاکستانی شامل نہیں البتہ عمر اکمل ایک درجہ بہتری سے 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے، بولرز میں شاہد آفریدی بدستور چوتھے درجے پر موجود ہیں، ان کا آل راؤنڈرز میں تیسرا نمبر ہے جبکہ شین واٹسن پہلی پوزیشن پر فائز ہیں۔

مقبول خبریں