ورلڈ ٹی 20کپ… بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار

پاکستان کوآسٹریلیااورنیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کےخلاف کھیلنا ہےاورٹورنامنٹ میں واپسی کےلیےاگلےدونوں میچ جیتناہوں گے


Editorial March 21, 2016
ہمارے بلے بازوں کو ویرات کوہلی اور یوراج کی ماہرانہ بلے بازی سے سبق سیکھنا چاہیے۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ ٹی20 کپ میں پاکستان نے بھارت سے ہارنے کی روایت برقرار رکھی۔ بھارت نے میگا ایونٹ کے بڑے معرکے میں پاکستانی ٹیم کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستان کا 119 رنز کا ہدف بھارت نے صرف 4 وکٹوں پر 15.5 اوورز میں ہی پورا کر لیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں ہونے والے ورلڈ کپ کے اس اہم میچ میں بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ اٹھارہ اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔

پاکستانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو اچھی پرفارمنس سے ہرایا تھا، اس میچ میں بلے بازوں اور بالرز دونوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، اس لیے پاکستانی شائقین کو امید تھی کہ بھارت کے خلاف میچ میں بھی پاکستانی کھلاڑی وننگ موڈ میں ہوں گے، ویسے بھی کولکتہ کی گراؤنڈ پاکستان کے لیے ساز گار رہی ہے لیکن یہ ساری توقعات پوری نہ ہو سکیں۔

پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بلاشبہ وکٹ مشکل تھی، اس میں غیر معمولی ٹرن اور باؤنس تھا لیکن اگر ابتدائی بلے باز سمجھ بوجھ اور مہارت کے ساتھ کھیلتے تو باآسانی رنز بنائے جا سکتے تھے، ہمارے بلے بازوں کو ویرات کوہلی اور یوراج کی ماہرانہ بلے بازی سے سبق سیکھنا چاہیے۔

کپتان شاہد آفریدی کے بعض فیصلے بھی میچ کی سیچویشن کے مطابق نہیں تھے، بہرحال یہ میچ جیت کر بھارت ٹورنامنٹ میں واپس آ گیا ہے، اب اس نے بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف میچ کھیلنے ہیں جو نسبتاً آسان ہیں، صرف آسٹریلیا ایسی ٹیم ہے جو بھارت کو ہرا سکتی ہے جب کہ پاکستان کے لیے حالات خاصے مشکل ہو گئے ہیں، اب پاکستان کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہے اور ٹورنامنٹ میں واپس آنے کے لیے اگلے دونوں میچ جیتنا ہوں گے، پاکستانی ٹیم کے کوچ اور کپتان کو مستقبل کے میچوں کو سامنے رکھ کر منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ اگلے دونوں میچوں میں ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر سکے۔

مقبول خبریں