آرتھر نے پاکستان کرکٹ میں استحکام لانے کی ٹھان لی

مسائل اور تنازعات کی بڑی باتیں سنیں،نبرد آزما ہونے کا نیا تجربہ حاصل ہوگا، قومی ہیڈ کوچ


Sports Desk May 15, 2016
مسائل اور تنازعات کی بڑی باتیں سنیں،نبرد آزما ہونے کا نیا تجربہ حاصل ہوگا، قومی ہیڈ کوچ۔ فوٹو: گیٹی/فائل

لاہور: نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ میں استحکام لانے کی ٹھان لی، ان کا کہنا ہے کہ مسائل اور تنازعات کی بڑی باتیں سنی ہیں، ان سے نبرد آزما ہونے کا نیا تجربہ حاصل ہوگا، ایک عرصے بعد انٹرنیشنل ٹیم کے ساتھ وابستگی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر کو کرکٹرز کے ساتھ ناخوشگوار تجربات کے بعد 2013میں آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ چھوڑنا پڑی تھی، بعد ازاں 2سال قبل انھیں پیٹر مورس کی جگہ سری لنکا کا کوچ بنانے کی پیشکش ہوئی لیکن خاندان کے مسائل کی وجہ سے انکار کردیا، اب انھیں ایک عرصے بعد کسی انٹرنیشنل ٹیم سے وابستہ ہونے کا موقع ملا ہے تو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہتے، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اب حالات مختلف اور میں ایک بڑے چیلنج کیلیے تیار ہوں، پاکستان کرکٹ میں مسائل اور تنازعات کے بڑی باتیں سنی ہیں ان سے نبرد آزما ہونے کا نیا تجربہ حاصل ہوگا، انھوں نے کہا کہ میں اچھی طرح آگاہ ہوں کہ مشکل مراحل درپیش ہونگے لیکن ایک عرصے بعد کسی قومی ٹیم کیلیے کام کرنے کے موقع کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی پوری کوشش کرونگا۔

پوری امید ہے کہ میں پاکستان کرکٹ میں استحکام لا سکوں گا۔ آرتھر نے کہا کہ آئندہ ہمیں انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیموں کے مقابل ہونا ہے جہاں کرکٹرز کی تکنیک اور مزاج دونوں کا امتحان ہوگا، فیلڈنگ اور فٹنس میں بھی نمایاں بہتری لانا ہوگی، محدود اوورز کی کرکٹ میں رینکنگ بہتر بنانا اور پلیئرز کو ایک یونٹ میں ڈھالنا بڑے چیلنج ہیں،میں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے کوچنگ کیریئر میں اپنی تیسری بڑی ذمہ داری سے انصاف کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔

مقبول خبریں