ملک میں گرمی کی لہر برقرار بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی

آئندہ 4 روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور فاٹا میں پری مون سون بارشیں ہوسکتی ہیں، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک June 20, 2016
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پرگرم اور ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات فوٹو : فائل

ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے تاہم محکمہ موسمیات نے علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور جنوبی پنجاب سمیت سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے کاروبار زندگی معطل ہوگیا ہے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سکھر میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 48 تک پہنچا جب کہ رحیم یارخان میں درجہ حرارت 47 ڈگری رہا۔ دیگر شہروں میں شہید بے نظیر آباد ، موہنجودرو اور بھکر میں 46، کوٹ ادو میں 45، ملتان، بہاولنگر، خان پور، 44، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ،اوکاڑہ، لیہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جھنگ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، نورپور تھل ، جوہرآباد، 42، منڈی بہاؤالدین 40، قصور، منگلا، جہلم 39، فیصل آباد ، گجرات 38، کوئٹہ، مظفرآباد اور سیالکوٹ 37، لاہور، چترال اور گلگت میں درجہ حرارت 36 ،کراچی ، گوجرانوالہ اور سیدو شریف میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پرگرم اور ابرآلود رہے گا۔ تاہم کشمیر ، ہزارہ ڈویژن، راولپنڈی، گوجرانوالہ ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد میں کہیں کہیں جب کہ مالاکنڈ ، پشاور، کوہاٹ بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان ، ساہیوال اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مقبول خبریں