یمن کے مختلف شہروں میں خودکش حملوں میں 12 پولیس اہلکار ہلاک متعدد زخمی

دونوں دھماکوں میں دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی استعمال کی گئی، عسکری حکام


ویب ڈیسک July 18, 2016
دونوں دھماکوں میں دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی استعمال کی گئی، عسکری حکام : فوٹو : فائل

یمن کے مختلف شہروں میں پولیس چوکیوں پر کئے گئے خودکش حملوں میں 12 اہلکار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے شہروں دھالے اور مکلا میں کئے جانے والے 2 خود کش حملوں میں اب تک 12 پولیس اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ عسکری حکام نے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہر مکلا کے مغربی داخلی دروازے بروم کے علاقے میں لگے فوجی ناکے پر دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کیا جس میں 5 پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک جب کہ 10 زخمی ہوگئے۔

یمنی فوج کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے دھماکے کی منزل چیک پوسٹ نہیں تھی تاہم ناکے پر موجود اہلکاروں نے شبہ کی وجہ سے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر خود کش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو اڑا دیا جس کی زد میں آکر 5 پولیس اہلکار ہلاکاور 10 زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

عسکری حکام کا کہنا ہے جنوب مشرقی شہر دھالے میں کئے جانے والے دھماکے میں باقاعدہ طورپر پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا اور اس میں بھی دھماکا خیز مواد سے بھری کار کو استعمال کیا گیا، دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار ہلاک جب کہ 15 زخمی ہوئے جس میں سے 2 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے ۔ دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ۔

مقبول خبریں