جشن آزادی کی تیاریاں جھنڈیاں بیجز اور جھنڈوں کے اسٹالوں پر رش

یوم آزادی کیلیے جھنڈے،بیجز،ٹوپیاں اورشرٹس کی خریداری بڑھ گئی،نوجوان اوربچے اس سال آزادی کاجشن نئے اندازسے منائیں گے


Numainda Express August 08, 2016
تجارتی مراکزاور ہر سڑک پرجھنڈوں اوربیجز کے اسٹال لگ گئے،بہترامن وامان کی وجہ سے امسال خریداروںکارش زیادہ ہے،دکاندار۔ فوٹو: آن لائن

اگست کے مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی کے تمام بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار نے بڑوں کے ساتھ بچوں کی توجہ بھی حاصل کرلی ہے جشن آزادی کے حوالے سے سجائے گئے خصوصی اسٹالوں پر ان دنوں ہر عمر کے افراد جمع رہتے ہیں۔

14 اگست کے حوالے سے جھنڈیاں،بیجز، چوڑیاں، بینڈز ، ٹوپیاںاور شرٹس کی خریداری میں مصروف نوجوان اور بچے اس سال جشن آزادی بھر پور انداز میں منائیں گے، تفصیلات کے مطابق کراچی میں کاغذی بازار، اردو بازار، پاکستان چوک، حیدری، لیاقت آباد، گلستان جوہر، طارق روڈ، بہادر آباد سمیت شہر کے تجارتی مراکز اور ہر سڑک پر جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی اسٹال لگ گئے ہیں کاغذی بازار میں ان دنوں شدید رش ہے دکانداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے سبب لوگ جشن آزادی جوش خروش سے منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال کی بنسبت اس سال خریداروں کا رش زیادہ ہے شہر کے مختلف بازاروں میں دستیاب قومی پرچم اس سال 100سے 1500روپے ،جھنڈیاں فی پیکٹ 60 روپے اور بیجز 15سے 100روپے میں فروخت ہورہے ہیں، 14 اگست کے حوالے سے رنگ برنگی جھنڈیاں، بیج،چوڑیاں، کیپ،اور قومی پرچم میں رنگی شرٹ بھی بزاروں کی تعداد میں اسٹالز پر سجی ہیں شہریوں کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا جشن ہر سال قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں اور کئی روز قبل ہی14 اگست کی خریداری کرکے گھروں کو سجانا شروع کردیتے ہیں تاکہ آزادی کا جشن بھر پور انداز میں منا سکیں۔

جشن آزادی کے موقع پر شہر بھر کے اہم تجارتی مراکز پر سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی ہے کراچی کے شہری جوش و جذبے سے یوم آزادی کا جشن منانے کی تیاریاں کررہے ہیں جشن آزادی سے قبل شہر کے بازاروں میں قومی پرچم اور قومی پرچم کی مناسبت سے دستیاب اشیا کی خرید و فروخت بڑھ گئی ہے شہر کی ہر گلی میں جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی اسٹالوں پر نوجوانوں بچوں اور شہریوں کا رش ہے بازاروں کے علاوہ شاہراہوں اور سڑکوں پر عارضی سٹال سج گئے ہیں جشن آزادی قریب آتے ہی اسٹالوں پر دستیاب جھنڈے، بیجز، اسٹیکرز، چوڑیاں،کیپ، بینڈزکی خریداری بڑھ رہی ہے دوسری جانب شہریوں کی بڑی تعداد نے آزادی کا جشن منانے کے لیے14اگست سے قبل ہی گھروں، محلوں، گلیوں، چوراہوں کی سجاوٹ کا کام شروع کردیا ہے بچے آزادی کا جشن منانے کے لیے والدین کے ہمراہ جھنڈیاں اور سبز ہلالی پرچموں، بیجز اور قومی پرچم سے مزین شرٹس خرید رہے ہیں

آزادی کی خوشی منہ میٹھا کیے بنا ادھوری رہتی ہے یہی وجہ ہے کہ اب جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی کیک بھی شہر کی بیکریوں پر جابجا سجے دکھائی دے رہے ہیںکریم ، کلر سیرپ اور ناریل کو سبز رنگ دے کر بنائے گئے چاند تارے والے کیک کی طلب زیادہ ہے دکانداروں کے مطابق جشن آزادی کے دن بہت سے دفاتر ، تعلیمی اداروں اور گھروں میں کیک کاٹ کر یوم آزادی کی سالگرہ منائی جاتی ہے جبکہ بچے والدین سے ضد کرکے قومی پرچم والے کیک منگواتے ہیں اسی لیے جشن آزادی سے قبل ہی بیکریوں میں قومی پرچم کی مناسبت سے مختلف اقسام کے کیک کی تیاری شروع ہوجاتی ہے اور بہت سے کیک خصوصی آڈر پر بھی تیار کروائے جاتے ہیں۔

جشن آزادی کے موقع پر ملک کا ہر شہری اپنے اپنے انداز میں وطن سے محبت کا اظہار کررہا ہے کوئی گھروں کو برقی قمقموں سے سجارہا ہے تو کوئی پاکستانی پرچم کے رنگ سے مماثل ملبوسات پہن وطن سے محبت کا اظہار کرتا ہے بہت سے شہری اور نوجوان ملی نغموں کے ذریعے بھی وطن عزیز سے محبت کا اظہار کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ جشن آزادی سے قبل ہی ملی نغموں کی سی ڈیز اور کیسٹوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے دکانداروں کے مطابق جشن آزادی کو شایان شان طریقہ سے منانے کیلیے شہری ملی نغموں کی سی ڈیز شوق سے خریدتے ہیں 14 اگست سے تقریبا پندرہ بیس دن قبل ہی ملی نغموں کی مانگ بڑھ جاتی ہے بہت سے افراد جشن آزادی سے قبل گاڑیوں میں میں خصوصی طور پر ساؤنڈ سسٹم لگواتے ہیں اور گلی محلوں میں بھی نئے اور پرانے ملی نغمے اسپیکروں پر سنائے جاتے ہیں۔

مقبول خبریں