مصباح عمر کے حوالے سے بار بار سوال پر اکتا گئے

ورلڈ ریکارڈ بناسکتا ہوں، شاید50برس کی عمرمیں بھی کھیلوں، ازرائے مذاق جواب


Sports Desk August 20, 2016
دنیا کے سب سے عمر رسیدہ کرکٹر بننا چاہتے ہیں اور 50 سال تک کھیلنے کی خواہش ہے، مصباح الحق۔ فوٹو: فائل

LOS ANGELES: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق عمر کے حوالے سے بار بار سوال پوچھے جانے پر اکتا گئے اور انھون نے یہاں تک کہہ ڈالا کہ وہ دنیا کے سب سے عمر رسیدہ کرکٹر بننا چاہتے ہیں اور 50 سال تک کھیلنے کی خواہش ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کپتان مصباح الحق 42 برس کی عمر میں بھی بہترین فٹنس کے حامل ہیں، اسی کیساتھ انکی پرفارمنس بھی اچھی ہے، حال ہی میں مصباح کی زیرقیادت پاکستان نے انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کی، اس دوران لارڈز ٹیسٹ میں انھوں نے سنچری بھی بنائی، ان دنوں ہر انٹرویو میں مصباح سے عمر پر ایک سوال ضرور ہوتا ہے، وہ اس سے اکتائے ہوئے لگتے ہیں مگر جواب دیتے ہوئے اس کا اظہار نہیں ہونے دیتے، اب ایک انٹرویو میں جب ان سے یہ سوال ہوا کہ مستقبل کیلیے ان کی کیا امیدیں ہیں،کب تک کرکٹ کھیلنا چاہیں گے تو مصباح الحق نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ میں سب سے عمر رسیدہ کرکٹر کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرنا چاہتا ہوں۔

شاید میں نیا ورلڈ ریکارڈ بنانے کیلیے تیار ہوں اور 50برس کی عمر میں بھی کھیلوں، یاد رہے کہ گذشتہ ماہ مصباح نے لارڈز میں سنچری بنا کر 82 سال کے دوران ٹیسٹ میں تھری فیگر اننگز سجانے والے سب سے عمر رسیدہ کرکٹر کا اعزاز پایا تھا، اس کے بعد انھوں نے پش اپس لگا کر ثبوت دیا کہ بڑی اننگز کھیلنے کے باوجود فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا، اس وقت سب سے عمر رسیدہ ٹیسٹ کرکٹر کا ریکارڈ انگلینڈ کے ولفریڈ رہوڈز کے پاس ہے، انھوں نے جب ویسٹ انڈیز کیخلاف سبائنا پارک میں اپنے 58 میچز کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلا تو عمر 52 سال 156 دن تھی، 50برس کا ہونے کے باوجود برٹ آئرنمونگر، ولیم گلبرٹ گریس اور جارج گن بھی ٹیسٹ کرکٹ سے منسلک رہے تھے۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائر مصباح ان دنوں نمائشی میچ کیلیے ناروے کے شہر اوسلو میں مقیم ہیں۔

مقبول خبریں