ریو اولمپکس نیمار نے برازیل کو اولمپک چیمپئن بنوا دیا
سپر اسٹار کا فیصلہ کن گول ،ورلڈ کپ کی ناکامی کا حساب بھی چکتا، جرمنی پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-5 سے ناکام
ATTOCK:
سپراسٹار نیمار نے برازیل کو پہلی بار اولمپک چیمپئن بنوادیا، مینز فٹبال ایونٹ کے فائنل میں میزبان ٹیم نے ورلڈ چیمپئن جرمنی کو مقررہ اور اضافی وقت میں 1-1 سے برابر مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 4-5 سے مات دی۔
اس طرح برازیل نے دو برس قبل فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں ملنے والی 7-1 سے شکست کا حساب بھی چکتا کرلیا، یہ مینز فٹبال ایونٹ میں برازیل کا پہلا طلائی تمغہ ہے، آخری اور فیصلہ کن پنالٹی برازیل کے اسٹار نیمار نے لگائی، اس سے قبل نیمار نے میچ کے 27 ویں منٹ میں شاندار گول کرکے ٹیم کو برتری دلوائی تھی، جرمنی کی جانب سے کپتان میکسی میلین مائر نے کھیل کے 59ویں منٹ میں جوابی گول داغا تھا ، اضافی 30 منٹ میں بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے سے قاصر رہیں جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیاگیا، جرمنی نے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا مرحلہ شروع کیا، میتھائس گینٹر نے گیند کو جال میں پہنچایا تو برازیل کی جانب سے اگیسٹو ریناٹو نے جوابی گول داغ کر مقابلہ 1-1 کیا، سرگئی گینربے نے جرمنی کو پھر برتری دلوائی، برازیل کے مارکینوس نے اس بار پھر بھی حساب بے باق کردیا۔
جرمنی کیلیے جولین برینڈیٹ اور نیکلس سوئلی نے تیسری اور چوتھی پنالٹی کو کارآمد بنایا جبکہ برازیل کے ایلکینٹرا رافیل اور لوان نے بھی گول بناکر اسکور 4-4 کردیا، تاہم جرمنی کے نیلز پیٹرسن پانچویںکوشش میں ناکام ہوگئے، دوسری جانب نیمار نے پانچویں کک پر گیند کو ہدف تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی۔یاد رہے کہ برازیل نے اس سے قبل اولمپکس فٹبال میں 3 بارچاندی اور 2 بار کانسی کے تمغے جیتے تھے، لندن میں منعقدہ 2012 اولمپکس میں برازیل کو میکسیکو نے فائنل میں شکست دی تھی، دوسری جانب جرمنی 1988 کے بعد سے پہلی بار اولمپکس فٹبال میں حصہ لے رہا تھا، 1988 میں جرمنی نے مغربی جرمنی کے طور پر حصہ لیا تھا اور کانسی کا تمغہ جیتا تھا، جرمنی نے ابھی تک اولمپکس فٹبال میں سونے کا تمغے حاصل نہیں کیا۔