کیویز کا دل ہوم نائٹ ٹیسٹ کے لیے مچلنے لگا

آئندہ سال پنک بال سے3فرسٹ کلاس میچز،2018میں انگلینڈ سے میچ کی خواہش


Sports Desk August 31, 2016
آئندہ سال پنک بال سے3فرسٹ کلاس میچز،2018میں انگلینڈ سے میچ کی خواہش. فوٹو: فائل

LONDON: کیویز کا دل ہوم نائٹ ٹیسٹ کیلیے مچلنے لگا، 2018 میں انگلینڈ کے ساتھ رات کو پانچ روزہ کرکٹ کھیلنے کو ہدف قرار دے دیا، آئندہ سال تین فرسٹ کلاس میچز مصنوعی روشنیوں میں پنک بال سے کھیلے جائیں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے روڈ میپ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم فروری، مارچ 2018 میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی، میزبان بورڈ اس دوران اس سے ایک نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا خواہاں ہے، جس کی تیاریوں کا آغاز آئندہ برس کیا جائے گا۔ این زیڈ سی کی جانب سے 2016-17 کے ڈومیسٹک ایونٹس کا باقاعدہ شیڈول جاری کردیا گیا، اس میں تین فرسٹ کلاس میچز رات کو پنک گیند سے کھیلنے کا منصوبہ بھی شامل ہے، یہ مقابلے 6 مارچ کو شروع ہوں گے، ڈے نائٹ ون ڈے میچز کیلیے مختص ویلنگٹن ریجنل اسٹیڈیم بھی ایسے ہی ایک میچ کی میزبانی کرے گا،باقی دو میچز آکلینڈ کے ایڈن پارک اور ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جائیں گے، ان دونوں وینیوز پر بھی فلڈ لائٹس موجود ہیں۔

ان تینوں میچز کے آغاز کا وقت ظاہر نہیں کیا گیا تاہم دیگر مقابلے روایتی طور پر صبح ساڑھے دس بجے ہی شروع ہوں گے۔ نیوزی لینڈ نے گذشتہ برس آسٹریلیا میں تاریخ کا پہلا نائٹ ٹیسٹ کھیلا تھا، اب وہ انگلینڈ کے ساتھ اپنے ہوم گراؤنڈ پر رات کو پانچ روزہ کرکٹ کرانا چاہتا ہے، انگلش ٹیم 2018 میں مئی اور مارچ میں ٹور کرے گی ، پہلا ٹیسٹ ایڈن پارک اور دوسرا کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول پر کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے رواں برس کے آغاز پر بھی فرسٹ کلاس میچز کا ایک راؤنڈ مصنوعی روشنیوں میںکھیلنے کا پروگرام بنایا تھا، اس کا ارادہ آئندہ مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا تھا لیکن میک کلین پارک کی لائٹس زیادہ بہترنہ ہونے کی وجہ سے یہ منصوبہ ترک کردیا گیا تھا۔

مقبول خبریں