مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ یوسف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

علامہ مرزا یوست نے رواں برس مئی میں خرم زکی کی نمازجنازہ میں اشتعال انگیز تقریرکی تھی، تفتیشی افسر کا بیان


ویب ڈیسک November 07, 2016
عدالت نے علامہ یوسف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئےتفشتیشی افسر کو 23 نومبر تک چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا: فوٹو : فائل

KARACHI: مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین کو اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف کوانسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ علامہ یوسف پر اشتعال انگیز تقاریر کا الزام ہے، انہوں نے رواں برس مئی میں خرم زکی کی نمازجنازہ میں اشتعال انگیز تقریرکی تھی اور اس واقعہ کا مقدمہ شریف آباد تھانے میں درج ہے لہذاٰ علامہ یوسف مرزا کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ علامہ یوسف مرزا کے وکیل نے ریمانڈ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ یوسف مرزا پرجھوٹا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں کارکنوں اور مذہبی رہنماؤں کی گرفتاری پراحتجاج اور دھرنا

عدالت نے تفتیشی افسر کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور تفتیشی افسر کو 23 نومبر تک مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے علامہ یوسف کی گرفتاری پر کراچی کے مختلف علاقوں میں مظاہرے جاری ہیں اس دوران مظاہرین نے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں اور ریلوے ٹریک بند کررکھے، سڑکیں بند ہونے کے باعث نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جب کہ احتجاج کے باعث اندرون ملک ٹرینوں کی آمد و رفت کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف کو دو روز قبل گرفتار کیا تھا۔

مقبول خبریں